تلنگانہ میں ماؤسٹ سرگرمیوں کا وجود نہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-04

تلنگانہ میں ماؤسٹ سرگرمیوں کا وجود نہیں

حیدرآباد
پی ٹی آئی
تلنگانہ کے وزیر داخلہ نائنی نرسمہا ریڈی نے نکسلائٹوں کی موجودگی کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں ماؤسٹوں کی کوئی سر گرمیاں نہیں ہیں ۔ ہمارے پاس پر امن ماحول ہے۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ، حکیم پیٹ میں نیشنل انڈسٹریل سیکوریٹی اکیڈیمی(نیسا) میں سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس کے سب انسپکٹرس اور ایگزیکٹیو کے بارہویں بیاچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا مشاہدہ کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا پیر کے دن پڑوسی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤسٹوں کے ہاتھوں14سی آر پی ایف جوانوں کی ہلاکت کے پس منظر میں مرکزی حکومت نے تلنگانہ میں بھی ممکنہ ماؤسٹ حملہ پر کوئی خصوصی الرٹ جاری کیا ہے تو وزیر نے بتایا کہ مرکزسے ایسے الرٹس آنا معمول کا عمل ہے اور دہشت گردی سے متعلق اکثر چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے ماؤسٹوں کے بارے میں نہیں ۔ وزیر نے بتایا کہ ماؤسٹوں کے مطالبات کے مطابق حکومت ، عوامی فلاحی اسکیموں پرعمل آوری کررہی ہے ۔ بے گھر اور بے زمین خاندانوں میں اراضیات تقسیم کی جارہی ہیں۔
وظائف تقسیم کئے جارہے ہیں۔ ذخائر آب کا احیاء کیاجارہا ہے اور سڑک انفراسٹرکچر تیار کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تشکیل تلنگانہ کی ابتداء میں حیدرآباد میں مقیم آندھرائی شہریوں کے تحفظ کے بارے میں اندیشوں کا اظہار کیا گیا تھا لیکن ایسا ایک بھی واقعہ پیش نہیں آیا جس سے آندھرائیوں کو نقصان پہنچا ہوانہوں نے بتایا کہ تشکیل تلنگانہ کے چھ ماہ بعد بھی ایسا ایک بھی واقعہ پیش نہیں آیا جس سے شہر میں مقیم آندھرائی شہری ہراساں ہوئے ہوںَ پریڈ کے بعد اپنے خطاب میں وزیر داخلہ نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ دہشت گردی کی نئی شکلوں سے پیداشدہ چیلنجوں کا موثر طور پر مقابلہ کرنے کے لئے خو د کو تیار کریں ۔ انہوں نے سیکوریٹی کے تبدیل ہوتے منظر نامہ میں سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس کے بڑھتے ہوئے رول پر بھی زور دیا ۔ بالخصوص اہم شخصیتوں کے تحفظ ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، سرکاری عمارتوں اور ہوا بازی تحفظ کے شعبوں میں سی آئی ایس ایف کا رول بڑھتا جارہا ہے ۔ نیسا کے ڈائرکٹر انیل کمار نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اس سال116سب انسپکٹر اور ایگزیکٹیو اپنی بنیادی تربیت کی تکمیل کے بعد اکیڈمی سے کامیاب ہوکر نکلے ہیں۔

No Maoists in Telangana, claims state government

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں