آئی ایس کے خلاف ایران کی فضائی کارروائی خوش آئند - امریکی وزیر خارجہ جان کیری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-05

آئی ایس کے خلاف ایران کی فضائی کارروائی خوش آئند - امریکی وزیر خارجہ جان کیری

بروسلز
یو این آئی
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے عراق میں سر گرم اسلامی ریاست( آئی ایس) کے خلاف ایرانی فضائی کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مشترکہ دشمن سے نمٹنے کے لئے مثبت ہوسکتی ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ نے عراق اور شام میں آئی ایس کے شدت پسندوں کے خلاف جاری امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کی فضا ئی کارروائیوں کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وجہ سے جنگجوؤں کی پیش قدمی روکنے میں مدد ملی ہے ، تاہم شامی حکومت کے مطابق یہ فضائی حملے زیادہ موثر ثابت نہیں ہورہے ۔ بروسلز منعقدہ آئی ایس کے خلاف عالمی اتحاد کے ایک اجلاس کے دوران جان کیری نے البتہ یہ واضح بھی کیا کہ جہادیوں کو مکمل طورپر شکست دینے میں کئی برس کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ جان کیری نے اگرچہ امریکی محکمہ دفاع پنٹگان کے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی کہ ایرانی فضائیہ بھی عراق میں آئی ایس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنارہی ہے تاہم انہوں نے کہ اگر ایرانی حکومت کچھ ایسا کررہی ہے تو مشترکہ دشمن سے نمٹنے کے لئے یہ کارروائی مددگار ثابت ہوسکتی ہے ۔ بروسلز میں آئی ایس کے خلاف عالمی اتحاد کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کے دوران ناٹو کے صدر دفتر میں62ممالک پر مشتمل اس اتحاد کے سفارتکاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کیری نے کہا کہ اگر کچھ مخصوص مقامات پر ایران، آئی ایس کے خلاف کارروائی کررہا ہے اور وہ موثر ثابت ہورہی ہے تو وہ مثبت ہی رہے گی ۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے امریکہ اور ایران کے مابین کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا ۔ یہ امر اہم ہے کہ ان 62ممالک میں سے سارے ہی شام ار عراق میں آئی ایس کے خلاف براہ راست فضائی کارروائی میں شریک نہیں ہیں۔ عراق اور شام کے متعدد علاقوں میں فعال اسلامی ریاست کے سنی انتہا پسندوں کے خلاف یہ عالمی اتحاد گزشتہ4ماہ کے دوران ایک ہزار سے زیادہ فضائی حملے کرچکا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ انہی حملوں کی وجہ سے ان شدت پسندوں کی پیشقدمی رک گئی ہے اور عراق کے کچھ علاقوں پر کرد فورسس نے اپنا قبضہ بحال کرلیا ہے ۔

Kerry: Iran strikes on Islamic State are 'positive'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں