دہلی میں جنتا پریوار کی زبردست ریلی - مودی پر انتخابی وعدوں کی خلاف ورزی کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-23

دہلی میں جنتا پریوار کی زبردست ریلی - مودی پر انتخابی وعدوں کی خلاف ورزی کا الزام

علاقائی سیاسی جماعتوں(جتنا پریوار) کے سینئر قائدین نے آج یہاں اپنی عددی طاقت کا زبردست مظاہرہ کیا جو مخالف مودی محاذ کے لئے عوام کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کا مظہر تھا ۔ مختلف اپوزیشن قائدین نے وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنایا اور مودی پر اپنے انتخابی وعدوں سے انحراف کا الزام لگایا ۔ جنتادل یو ، انڈین نیشنل لوک دل، آر جے ڈی ، سماج وادی پارٹی ، جنتادل سیکولر اور سماج وادی پارٹی و نیز دیگر پارٹیوں کے قائدین نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ وہ ایک مشترکہ ایجنڈہ کو آگے بڑھائیں گے ۔ صدر سماج وادی پارٹی ملائم سنگھ یادو کو ان جماعتوں کے اتحاد کے لئے قواعد مرتب کرنے کا کام تفویض کیا گیا ہے ۔ دہلی میں آج جنتر منتر پر منعقدہ زبردست ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی لیڈر ملائم سنگھ یادو، صدر آر جے ڈی ، لالو پرساد یادو ، جنتادل یو قائدین نتیش کمار اور شرد یادو نے نریندر مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ حکومت’’ اپنے انتخابی وعدوں سے منحرف ہورہی ہے اور بیرونی بنک کھاتوں میں جمع سیاہ دھن کو ملک میں واپس لانے کے وعدوں سے قدم پیچھے ہٹا رہی ہے ۔‘‘ ان قائدین نے یہ بھی الزا م لگایا کہ مودی حکومت چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی اور ان کی حکومت کو ہراساں کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔(ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس نے جنتا پریوار کی باہر رہ کر تائید کرنے کا پیشکش کیا ہے ۔)آئی اے این ایس کے بموجب جنتا پریوار قائدین نے نریندر مودی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ(حکومت) فرقہ ورانہ کشیدگی بھڑکا رہی ہے ۔ قائد جنتادل یو سابق چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے سوال کیا کہ’’ این ڈی اے حکومت،لوک سبھا انتخابات سے پہلے کئے گئے انتخابی وعدوں کی تکمیل مین کیوں ناکام ہوگئی ہے ؟‘‘ وہ سیاہ دھن کہاں ہے جس کو بیرون ملک سے واپس لانا کا وعدہ کیا گیا تھا ۔‘‘ نتیش کمار نے الزام لگایا کہ نریندر مودی ، ان ہندو گروپوں کے خلاف سخت قدم نہیں اٹھا رہے ہیں جن پر عیسائیوں اور مسلمانوں کا مذہب تبدیل کرانے کے الزامات ہیں ۔ کمار نے کہا کہ ملک کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم نہیں کیاجانا چاہئے ۔ ملائم سنگھ یادو اور لالو پرساد یادو دنوں نے بھی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور سابق چیف منسٹر یوپی ملائم سنگھ یادو نے گرجتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے بی جے پی فسادات کرانے کی ساز ش کررہی ہے ۔‘‘ حکومت نے ہر نوجوان وک روزگار دلانے کا وعدہ کیا تھا اور ہر ایک کو( واپس لائے جانے والے کالے دھن سے)15لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔ حتی کہ عوام سے بنک کھاتے کھولنے کے لئے کہا گیا تھا لیکن رقم کہاں ہے؟ لالو پرساد یاد ونے الزام لگایا کہ نریند رمودی ، تبدیلی مذہب کی خاموش حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ملک میں مذہبی انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندو مسلم سکھ عیسائی ہوشیار رہیں ۔ ملائم سنگھ یادو نے اپنی تقریر میں کہا کہ ملک میں دنگا فساد نہ ہونے پائے ۔ اگر کوئی دوسرا شخص جھوٹ بولتا تو کم برا تھا لیکن وزیر اعظم جھوٹ بولتے ہیں تو یہ بہت خراب بات ہے ۔

'Janata Parivar' Takes on PM Modi in Black Money Protest

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں