ریاست جموں و کشمیر ہندوستان میں ضم نہیں ہوئی ہے - عمر عبداللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-04

ریاست جموں و کشمیر ہندوستان میں ضم نہیں ہوئی ہے - عمر عبداللہ

سری نگر
یو این آئی
ریاست جمو ں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ و نیشنل کانفرنس پارٹی کے کار گزار صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر ہندوستان میں ضم نہیں ہوئی ہے بلکہ ملک کے ساتھ ریاست کا الحاق تین شرائط پرہوا تھا جس میں رسل و رسائل ، کرنسی اور دفاع شامل ہیں اور دفعہ370اس رشتے کی بنیاد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسمبلی کے ایوان میں کہا کہ ریاست جموں و کشمیر ہندوستان میں ضم نہیں ہوئی اور آج بھی یہی بات دہرارہے ہیں ۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے وسطی کشمیر کے سویہ بک بڈگام اور یارکھاہ خانصاحب میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جو بات پہلے کرتی تھی وہ بات آج بھی کرتی ہے ، ہم 1947ء سے مسئلہ کشمیر کو سیاسی مسئلہ قرا ر دے کر اس کے سیاسی حل کی مانگ کرتے آئے ہیں اور جموں و کشمیر کی چھینی گئی خود مختاری کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد غنی لون کانام لئے بغیر کہا کہ ہم ان میں سے نہیں جو25سال تک آزادی کی بات کرتے رہے اور آج اٹوٹ حصہ کہنے والے بن گئے ۔ ہم پہلے بھی خود مختاری کی بات کرتے تھے ہم آج بھی خود مختاری کی بات کرتے ہیں۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ25سال تک آزادی مانگنے والوں نے ہم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور وہ آج جموں و کشمیر کو ہندوستان میں ضم کرنے کے لئے تیار ہیں۔

J&K not integrated with India: Omar Abdullah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں