جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت - گورنر کی پی ڈی پی اور بی جے پی کو دعوت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-27

جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت - گورنر کی پی ڈی پی اور بی جے پی کو دعوت

سری نگر
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت کے بارے میں پائے جانے والے تجسس کے درمیان گورنر این این دوہرا نے پی ڈی پی اور بی جے پی کو یکم جنوری یا اس سے قبل بات چیت کے لئے مدعو کیا ہے ۔ ووہرا نے صدر پی ڈی پی محبوبہ مفتی اور ریاستی بی جے پی صدر جوگل کشور کو علیحدہ علیھدہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے حکومت سازی کی تجویز پر تبادلہ خیال کے لئے مدعو کیا ۔ راج بھون کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ گورنر کے مکتوب میں پی ڈی پی صدر سے خواہش کی گئی کہ وہ یکم جنوری کی صبح ملاقات کریں جن کے بعد بی جے پی کے ریاستی صدر سے اسی دن دوپہر ملاقات کے لئے کہا گیا ۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں کوئی بھی پارٹی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا کہ سابق اسمبلی کی میعاد 18جنوری کو ختم ہورہی ہے ، چنانچہ دونوں پارٹیاں تشکیل حکومت کے سلسلہ میں گورنر سے بات چیت کریں ۔ پی ڈی پی28نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے ، جب کہ بی جے پی دوسرے نمبر پر ہے جسے25حلقوں پر کامیابی ملی۔ان جماعتوں سے یہ بھی کہا گیا کہ اگر وہ حکومت سازی کے لئے درکار عدد جوڑنے میں ناکام ہوجائیں تب بھی وہ ان سے ملاقات کے موقع پر اپنے موقف سے گورنر کو واقف کرواسکتے ہیں ۔ اسی دوران بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے اپنی کوششیں جاری رکھی ہیں ۔ نیشنل کانفرنس کے15ارکان اور کانگریس کے12امیدوار منتخب ہوئے ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے کارگزر صدر عمر عبداللہ نے واضح کردیا کہ ان کی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہورہی ہے تاہم انہوں نے ٹوئٹر پر پنی کٹر حریف پی ڈی پی کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ بی جے پی کے ساتھ ذہنی الجھاؤ کا کھیل کھیل رہی ہے ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے الزام لگایا کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں علاقائی پارٹیوں کو دفن کرنا چاہتی ہے۔ عمر عبداللہ نے پی ڈی پی کو تائید کی پیشکش کا اعتراف کیا اور کہا کہ انہوں نے صرف زبانی پیشکش کی ہے اسی دوران عمومی اتحاد پارٹی کے صدر اور رکن اسمبلی انجینئر عبدالرشید نے کہا کہ وہ پی ڈی پی۔ این سی اتحادی حکومت کی غیر مشروط تائید کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے دونوں علاقائی پارٹیوں کو مل جلکر حکومت بنانا چاہئے وہ اس کی تائید کرنے تیار ہیں۔
اسی دوران بی جے پی کے جنرل سکریٹری رام مادھو نے کہا کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر کی تمام اہم سیاسی جماعتوں سے بات چیت کررہی ہے تاکہ ایک مستحکم حکومت بنائی جائے ۔ یہ پوچھنے پر کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی میں سے بی جے پی کے لئے کون سی پارٹی قابل ترجیح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سوال پارٹی کا نہیں بلکہ مستحکم حکومت کا ہے ۔ کشمیر کے سیاسی منظر نامہ میں ایک بڑی تبدیلی یہ آئی ہے کہ پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور سابق دپتی چیف منسٹر مظفر حسین بیگ نے کھلے عام بی جے پی سے اتحاد کی وکالت کی ۔ وہ رام مادھو سے ملاقات کرچکے ہیں اور دونوں پارٹیوں میں اتحاد کے لئے پی دی پی قائدین پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ذرائع نے بتایاکہ بیگ جو بارہ مولہ سے لوک سبھا کے رکن ہیں، مودی حکومت میں کابینی درجہ کے لئے مذاکرات کررہے ہیں ۔ انہوں نے کل رات رام مادھو سے ملاقات کی جو تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی ۔ بعض ذرائع نے دعویٰ کیا کہ بیگ خود کو چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے پیش کرسکتے ہیں اور اس کے لئے پی ڈی پی میں وہ بغاوت کی قیادت کریں گے اور بی جے پی سے ہاتھ ملائیں گے ۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق پی ڈی پی نے مفتی سعید کو6سال کے لئے چیف منسٹر کا عہدہ دینے کا مطالبہ کیا ہے جسکو تسلیم کرنے سے بی جے پی نے انکار کردیا ہے ۔ رام مادھو نے تصدیق کی کہ انہوں نے مظفر حسین بیگ سے ملاقات کر کے حکومت سازی پر بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ وادی کشمیر کے مختلف سیاستدانوں کے ساتھ شخصی طور پر یا ٹیلی فون کے ذریعے بات چیت کررہے ہیں۔ مادھو نے کہا کہ ان کی پارٹی ریاست میں میں حکومت تشکیل دینے کے لئے تیار ہے ۔ ایک اطلاع ہے کہ پی ڈی پی نے ریاست میں حکومت بنانے کے لئے کانگریس اور دوسری چھوٹی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے ساتھ بھی مذاکرات شروع کردیے ہیں ۔ تاہم کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد کے مطابق پی ڈی پی کو بار بار حمایت دینے کی پیشکش کرنے کی باوجود وہاں سے کوئی جواب نہیں ملا۔ اسی دوران نیشنل کانفرنس کے ایک سینئر لیڈر و ممبر اسمبلی بڈگام آغا سید روح اللہ مہدی نے کہا کہ اگر پارٹی نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا تو وہ اس اتحاد سے دور رہیں گے ۔

Jammu and Kashmir Government Formation: BJP, PDP to Meet Governor Today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں