ہندوستان کی معاشی ترقی کے لئے جنوبی کوریا ایک اہم ساتھی - سشما سوراج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-30

ہندوستان کی معاشی ترقی کے لئے جنوبی کوریا ایک اہم ساتھی - سشما سوراج

سیول
پی ٹی آئی
وزیر خارجہ سشما سوراج نے جنوبی کوریا کو ہندوستانی معیشت کی ترقی کے لئے ایک اہم ساتھی قرار دیتے ہوئے آج کوریائی کمپنیوں کو بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کرنے اور حکومت ہند کی جانب سے میک ان انڈیا اقدامات کے تحت استفادہ کرنے کے لئے مدعو کیا۔ سشما نے8ویں ہند۔ جنوبی کوریائی مشترکہ کمیشن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوریا اور کوریائی کمپنیاں ہندوستان کی مشرق کی طرف دیکھو پالیسی کا ایک اہم حصہ ہیں اور ملک میں مختلف شعبوں بالخصوص مینو فیکچرنگ میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع دستیاب ہین۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوریائی کمپنیوں کو مدعو کرتے ہیں کہ وہ ہندوستان میں اپنی کامیابیوں کو یقینی بنائیں اور ہماری حکومت کے میک انڈیا نعرہ سے فائدہ اٹھائیں جس کا مقصد ہندوستان میں مینو فیکچرنگ کے لیے ہمت افزائی کرناہے۔ دونوں ممالک کے مابین آئندہ برس تک باہمی سالانہ تجارت کے لئے40بلین یو ایس ڈالر کے نشانہ پر نظر رکھتے ہوئے سوراج نے کہا کہ ہیونڈائی ، سیمسنگ اور ایل جی جیسی کمپنیاں ہر گھر جانی جاتی ہیں، ہماری حکومت ، جنوبی کوریا کے ساتھ تعلقات کو کافی اہمیت دیتی ہے ، ہم اپنی معاشی ترقی کے لئے سیول کو ایک اہم پارٹنر کے طورپر دیکھتے ہیں ۔ سوراج اور ان کے جنوبی کوریائی ہم منصب ین یبیونگ سی نے اس اجلاس کی مشترکہ صدارت کی ۔ اجلاس میں لیڈرس نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دفاعی آلات ، ٹکنالوجی ، شپ بلڈنگ، الکٹرانکس ، آئی ٹی ، توانائی اور انفراسٹرکچر میں ترقی کے لئے باہمی تعاون ناگزیر ہے ۔ دونوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سیول نیو کلیر توانائی اور سائبر سیکوریٹی میں باہمی مفاد وابستہ ہیں۔ دونوں وزراء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے عہدیداروں اور ماہرین تعلیم کے تبادلہ کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔ سشما سوراج نے کہا کہ ہمیں باہمی تجارت کوبھر پور فروغ دینے کے لیے ایک ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ، ہم نے2015ء تک40ملین ڈالر کا نشانہ مقرر کیا ہے جسے حاصل کرنے کے لئے ہماری کمپنیوں کو ہماری جانب سے دئیے گئے مراعات سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ فی الفور جنوبی کوریا کی300کمپنیوں نے ہندوستان میں تقریباً3بلین یو ایس ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور تقریباً40ہزار افراد کو خدمات کے لئے مقرر کیا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین موجودہ سالانہ تجارت تقریباً16ملین ڈالر ہے جب کہ ہندوستانی کمپنیوں نے جنوبی کوریا میں تقریباً2بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ان میں ٹاٹا ، مہندرا اور ادتیہ برلا گروپ قابل ذکر ہیں ۔ واضح رہے کہ ہند۔ جنوبی کوریا مشترکہ کمیشن برائے باہمی تال میل کو فروری1996ء میں قائم کیا گیا تھا ۔ اس کمیشن کے صدر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ ہوتے ہیں ۔

South Korea an important partner for India's economic growth: Sushma Swaraj

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں