فلپائن میں سمندری طوفان ہاگوپٹ ساحل سے ٹکرا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-08

فلپائن میں سمندری طوفان ہاگوپٹ ساحل سے ٹکرا گیا

منیلا
رائٹر
وسطی فلپائن میں آج سمندری طوفان ہاگوپٹ آنے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ۔ تیز ہواؤں سے درخت اور برقی کے کھمبے گر گئے جس کے سبب متاثرہ علاقوں میں برقی کٹ گئی ہے ۔ مقامی ریڈیو کے مطابق مشرقی صوبہ سمر میں اس طوفان سے چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں ، تاہم سرکاری عہدیداروں سے اس کی توثیق نہیں ہوسکی ہے ۔ ماہر موسمیات ایلون پورا نے بتایا کہ طوفان اب بھی بہت طاقتور ہے جس سے بڑے پیمانے پر تباہی کا اندیشہ ہے ۔ ایک سال قبل ہی یہاں آئے ایک بڑے طوفان میں ہزاروں افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ عہدیداروں کے مطابق ہاگوپٹ طوفان کے نتیجے میں مشرقی اور وسطی فلپائن کے ساحلی علاقوں کے دس لاکھ سے زائد افراد نے محفوظ پناہ گاہوں کی تلاش میں اپنے گھر بار کو چھوڑ دیا ہے ۔ فلپائن میں طوفان ہاگوپٹ سے متاثرہ علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے ۔ بعض علاقوں سے مواصلاتی رابطہ بھی کٹ گیا ہے۔ یہ سمندری طوفان ہفتے کی شام مشرقی صوبے سمر کے ساحلی علاقہ ڈولوریس سے ٹکرایا تھا ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طوفان ہاگوپٹ کے نتیجے میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے معلومات اکٹھی کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ یہ طوفان160کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ ابھی تک موصول ہونے والے اعدا د و شمار کے مطابق 10لاکھ س زائد افراد اس طوفان کے نتیجے میں بے گھر ہوچکے ہیں ۔ قومی آفت سماوی ادارہ کے مطابق انہوں نے گرجا گھروں ، اسکولوں اور سرکاری جم خانوں میں پناہ لے رکھی ہے ۔ سینئر پولیس عہدیدار ایلکس روبن نے بتایا کہ متعدد درخت اکھڑ گئے ہیں ، ان میں سے بعض ہائی وے پر پڑے ہوئے ہیں ۔ ہم یہاں بالکل اندھیرے میں بیٹھے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈولوریس میں تقریباً600خاندان ایک میونسپل ہال کی تین منزلہ عمارت میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور ہر کوئی سونے کی جگہ ڈھونڈرہا ہے۔ روبن نے کہا: یہاں تمام کھڑکیاں بند ہیں لیکن ہوا اور بارش کی وجہ سے بہت ٹھنڈ ہے۔ طوفان کے راستے میں آنے والے صوبوں میں سپر مارکیٹوں اور بڑی سڑکوں پر فوج تعینات کردی گئی ہے ۔ جس کا مقصد لوٹ مار اور بدامنی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ سڑکوں سے ملبہ ہٹانا ہے ۔ متاثرہ علاقوں میں سمندری اور ہوائی سفر میں رکاوٹوں کے باعث ہزاروں مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ فلپائن کے مختلف ہوائی اڈوں پر تقریباً100گھریلو پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ جزائر کے درمیان چلنے والی مسافر کشتیاں بھی روک دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اگرچہ ہاگوپٹ گزشتہ برس نومبر میں آنے والے طوفان ہیان کی مانند طاقتور نہیں ہے ، پھر بھی اس کی تیز ہوائیں ان پسماندگان میں تباہی مچارہی ہیں جو ابھی تک ہیان کے اثر سے نہیں نکلے ۔ گزشتہ برس نومبر میں ہیان طوفان کے نتیجے میں7300سے زائد افراد ہلاک یا لاپتہ ہوئے تھے ۔

Hurricane "Hagobet" hits central Philippines strongly

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں