گنٹور کے چار مواضعات میں فصلوں کو آگ لگا دی گئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-30

گنٹور کے چار مواضعات میں فصلوں کو آگ لگا دی گئی

وجئے واڑہ
یو این آئی
آندھرا پردیش کے ضلع گنٹور تلورو علاقے میں چار مواضعات میں نامعلوم افراد نے گزشتہ رات فصلوں کو آگ لگا دی ۔ کسانوں نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ رات نامعلوم افراد نے پینو ماکا، اونڈ والی، تنگایاپالوم اور انڈوپام مواضعات میں فصلوں میں آگ لگا دی۔ اس واقعہ میں کٹائی کے لئے تیار فصل تباہ ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ رات کے وقت ہوا اور انہوں نے جانچ شروع کردی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ان واقعہ سے سیاست دانوں اور انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی ہے ۔ چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے ضلع مجسٹریٹ کرانتی لال گھانڈے کو واقعہ کی جانچ کا حکم دیاہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کسانوں میں بے چینی پیدا کرنے کے لئے یہ حرکت کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کرلیاجائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ اس واقعہ میں کیلے کے درختوں، ڈرپ اری گیشن کے پائیوں اور دیگر اشیاء کو نقصان پہنچا ۔ اسی دوران اے پی کے میڈیا مشیر کے پربھاکر نے گنٹور میں آج پیش آئے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اشرار کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ پولیس اس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں کلکٹر سے رپورٹ مانگی ہے ۔ گزشتہ پانچ دنوں کے دوران آنے والے افراد کی معلومات حاصل کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلورو میں کم اور تاڑے پلم مین زیادہ نقصان ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسانوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ کیونکہ حکومت اس مسئلہ پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے ۔متاثرہ کسانوں نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے اراضیات دینے سے انکار کردیا تھا اس لئے ان کی فصلوں کو آگ لگا دی گئی۔
ابتدائی تخمینہ کے مطابق تلورو منڈل میں15لاکھ روپے اور تاڑے پلی منڈل میں25تا30لاکھ روپے کی فصلیں آگ کی نذر کی گئی ہیں ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس آندھر اپردیش جے وی راموڈو نے یہاں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور قصوروار افراد کوگرفتار کرلیاجائے گا۔ وزارت زراعت پی پلا راؤ جب متاثرہ کسانوں سے ملاقات کے لئے پہنچے تو اس وقت ہلکی سی کشیدگی پھیل گئی ۔ کسانوں کی بڑی تعداد نے وزیر زراعت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ صورتحال کی نزاکت کو محسوس کرتے ہوئے وزیر موصوف اس مقام سے روانہ ہوگئے ۔ قبل ازیں پلا راؤ نے اس علاقے کے کسانوں کے خلاف چندر ریمارکس بھی کئے تھے ۔ ضلع کلکٹر ، سپرنٹنڈنٹس پولیس راجیش کمار اور رام کرشنا کے علاوہ رکن اسمبلی اے رام کرشنا ریدی نے جلی ہوئی فصلوں کا معائنہ کیا ۔ اس معاملہ پر الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ وائس ایس آر کانگریس کے لیڈر اور سابق وزیر پارتھا سارتھی نے اس معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کامطالبہ کیا اور کہا کہ نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے اراضیات نہ دینے والوں کے خلاف یہ کارروائی قابل مذمت ہے ۔

Crops set on fire around proposed Andhra capital

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں