کالا دھن کی تحقیقات - تفصیلات کے افشا سے وزارت فینانس کا انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-10

کالا دھن کی تحقیقات - تفصیلات کے افشا سے وزارت فینانس کا انکار

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزارت فینانس نے قومی سلامتی اور رازداری سے متعلق قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستان،سوئٹزر لینڈ اور جرمنی کے عہدیداروں کے درمیان کالے دھن کے بارے میں تحقیقات سے متعلق خط و کتابت کا افشاکرنے سے انکار کردیا ۔ وزارت نے حق معلومات قانون کے تحت پیش کی گئی ایک درخواست کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ متعلقہ ممالک سے بیرونی بینکوں میں کھاتے رکھنے والے ہندوستانیوں کے بارے میں معلومات حاصل کررہی ہے ۔ وزارت نے کہا کہ بیرونی بینکوں میں ہندوستانیوں کے بینک کھاتوں سے متعلق معلومات حاصل کی جارہی ہیں اور یہ کام موجودہ دوہرے محاصل سے گریز معاہدوں کے تحت کیاجارہا ہے جو رازداری کے معاہدے ہیں اور ان معلومات کا افشاء نہیں کیاجاسکتا ۔ وزارت نے آر ٹی آئی قانون کی دفعہ(1)8 (a)اور(f)کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں آپ کو کوئی معلومات فراہم نہیں کی جاسکتی ہیں۔وزارت فینانس سے کہا گیا تھا کہ وہ کالا دھن کی تحقیقات کے بارے میں سوئٹزر لینڈ یا جرمنی سے موصولہ خطوط یا درخواستوں کی نقول فراہم کرے۔
وزارت سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہ سوئٹزر لینڈ کی حکومت کی جانب سے ہندوستانی عہدیداروں کو بھیجے گئے مکتوب یا دعوت ناموں کی نقل بھی فراہم کرے جس میں انہیں ٹیکس چوری کے مسئلے پر بات چیت کے لئے آنے کی دعوت دی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ محکمہ ریونیو کے سکریٹری شانتی کانتا داس اور وزارت فینانس کے عہدیداروں پر مشتمل وفد نے جاریہ سال15اکتوبر کو سوئٹزر لینڈ کا دورہ کیا تھا اور ٹیکس معاملات میں معلومات کے تبادلہ سے متعلق مسائل پر سوئٹزرلینڈ کے فینانس اور ٹیکس حکام کے ساتھ بات چیت کی تھی ۔ وزارت نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ بات چیت کار آمد اور ثمر آور رہی ہے ۔ فی الحال سرکاری طور پر اس بات کا کوئی اندازہ نہیں ہے کہ ہندوستان یا بیرونی ممالک میں کتنا کالا دھن موجود ہے ۔

Finance Ministry invokes national security, refuses to share details on black money probe

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں