اپوزیشن کے پاس حکومت کے خلاف کوئی مسائل نہیں - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-10

اپوزیشن کے پاس حکومت کے خلاف کوئی مسائل نہیں - وزیر اعظم مودی

دھنباد(جھار کھنڈ)
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جھار کھنڈ کے رائے دہندوں سے کہا کہ وہ ریاست میں مضبوط اور مستحکم حکومت کے لئے بی جے پی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں اور مخلوط حکومت بنانے کاموقع نہ دیں ۔کیوں کہ اس کے بعد ’’ٹھیکیدار‘‘ تمام تر اختیارات پر قابض ہوجائیں گے ۔ مودی نے اپوزیشن جماعتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ غیر ضروری طور پر ان کی حکومت کو نشانہ تنقید بنارہی ہے اور کہا کہ ابا پوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی مسائل باقی نہیں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ جھار کھنڈ کو مستحکم حکومت کی ضرورت ہے۔ اس مرتبہ غلطی نہ کریں ، ایک مضبوط بی جے پی حکومت چنیں ۔ اگر آپ اکثریتی حکومت کے لئے ووٹ دیں گے تو اقتدار کی باگ ڈور عوام کے ہاتھ میں رہے گی لیکن اگر حکومت کی باگ ڈو ر مخلوط حکومت کے ہاتھ میں چلی جائے گی تو یہ ٹھیکیداروں کے ہاتھ چلی جائے گی۔واضح رہے کہ دھنباد میں14دسمبر کو چوتھے مرحلے کے انتخابات ہوں گے ۔ مودی نے کہا کہ آپ نے ملک کے لئے یہ کام کیا ہے کیا آپ جھار کھنڈ کی خاطر یہ کام نہیں کریں گے ؟ ملک میں قائم ہونے والی مخلوط حکومتوں نے تمام تر اختیارات ٹھیکیداروں کے ہاتھوں میں دے دئیے تھے ۔ آپ اس بات سے واقف ہیں کہ انہوں نے اتنے برسوں تک ملک اور ریاستوں کے ساتھ کیا سلوک کیا ہے ۔ آپ نے لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن کو مسترد کردیا ہے۔ مودی نے اس امید کا اظہار کیا کہ عوام آنے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں بھی اپوزیشن کو مسترد کردیں گے ۔ انہوں نے اپوزیشن کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ان دنوں اپوزیشن جماعتوں کے قائدین بے حد ناراض ہیں ۔ انہیں اپنی بقاء کے لئے انتخابی مہم چلانی پڑ رہی ہے لیکن ان کے پاس مودی حکومت کے خلاف کوئی مسائل نہیں ہے۔ وہ لوک سبھا انتخابات کے دوران کی گئی تقاریر کو دہرا رہے ہیں۔اپوزیشن کے پاس مسائل کی قلت ہے۔ جھار کھنڈ میں کوئلہ کی فروانی کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ آپ سیاہ ہیروں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ کیا آپ انہیں دمکتا ہوا دیکھنا نہیں چاہیں گے لیکن ان سیاہ ہیروں کو کون چمکائے گا۔ مودی اس کے لئے تیار ہے، لیکن جھار کھنڈ کو اسے موقع دیناہوگا تاکہ وہ ریاست اور ملک کی ترقی کے لئے معدنی وسائل کا استعمال کرسکے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کی پالیسیوں سے معدنی دولت سے مالا مال ریاست کو تیزی سے ترقی کرنے اور اپنے کوئلہ ذخائر سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی ۔ کوئلہ اسکام اور اس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہاکہ یہ حکومت کے لئے دھکا اور افسوسناک فیصلہ ثابت ہوا لیکن اسے بہتر بنانے ایک موقع تصور کیا گیا۔ جھار کھنڈ کے وجود میں آنے کے بعد یہاں14سالوں میں9حکومتوں کے قیام کا وضح حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ یہ وقت کسی بھی شخص کی زندگی میں اہمیت کا حامل ہوتا ہے کیوں کہ یہ بلوغت کا دور ہوتا ہے ، انہیں صحیح پرورش کی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ14تا 18سال کسی بھی ریاست کے لئے اہم ہوتے ہیں اور آئندہ5برسوں میں آئندہ100سال کی بنیاد ڈالی جائے گی ۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر بی جے پی کو اکثریت کے ساتھ بر سر اقتدار لایاجائے تو وہ معدنی دولت سے مالا مال جھار کھنڈ کی ترقی کی بنیاد ڈالے گی ۔

Opposition has run out of issues, says PM Narendra Modi at Jharkhand rally

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں