آصف جاہی دور حکومت کے کارنامے - تلنگانہ اسکولی نصاب میں شمولیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-08

آصف جاہی دور حکومت کے کارنامے - تلنگانہ اسکولی نصاب میں شمولیت

حیدرآباد
ایس این بی
نائب وزیر اعلیٰ محمدمحمود علی نے کہاکہ آصف جاہی دور حکومت کے کارناموں اور یادگاروں کو اسکولی نصاب میں شامل کیاجائے گا اور کاسو برہمانند ریدی پارک کا نام تبدیل کرتے ہوئے اسے آصف جاہی حکمران کے نام سے موسوم کرنے کی تجویز ہے ۔ جناب محمد محمود علی کو آج منسٹرس کوارٹرس بنجارہ ہلز میں واقع ڈپٹی سی ایم کیمپ آفس میں آصف جاہ ہفتم نواب میر عثمان علی خاں کے پوتے پرنس شہامت جاہ نے تہنیت پیش کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد محمود علی نے پرنس شہامت جاہ کی جانب سے منعقدہ اس پروگرام پر ان سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے باہار آصف جاہی حکمرانوں بشمول نواب میر عثمان علی خاں کے دور حکومت کی ستائش کی ہے۔ اور کئی مرتبہ اس دور کی مثالیں پیش کیں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے قائدین کو اس بات کا اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے کئی بار آصف جاہ سابع کے مزار پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور فاتحہ خوانی کی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے ہندو اور مسلم عوام کو اپنی دو انمول آنکھیں قرار دیا ہے۔
ٹی آر ایس حکومت نے اقلیتوں کی معاشی پسماندگی کو دور کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے1037کروڑ روپیوں کا بجٹ مختص کیا ہے ۔ جس کا استعمال موثر انداز میں کیاجائے گا۔ پرنس شہامت جاہ نے وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور نائب وزیر اعلیٰ محمدمحمود علی کی عوامی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے یہ محسوس کیا کہ تلنگانہ حکومت نظام حکومت کے نقش قدم پر گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عنقریب وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھرراؤ سے ملاقات کرکے انہیں تہنیت پیش کریں گے ۔ پرنس شہامتجاہ نے نائب وزیر اعلیٰ محمد محمود علی کی دستار بندی اور شال پوشی کی ۔ اس موقع پر امام مکہ مسجد مولانا حافظ محمد عثمان نقشبندی کے علاوہ ٹی آر ایس قائد رحیم اللہ خاں نیازی نے بھی مخاطب کیا۔ جبکہ تقریب میں عبدالمقیت چندا، یسین ایوبی ایڈوکیٹ ، محمد مسیح اور دیگر موجود تھے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں