مودی حکومت کو کارپوریٹ گھرانوں کے مفادات میں دلچسپی - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-11

مودی حکومت کو کارپوریٹ گھرانوں کے مفادات میں دلچسپی - راہول گاندھی

ترواننتا پورم
پی ٹی آئی
نریندر مودی حکومت پر اپنی تنقیدوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ سابقہ حکومتوں کے برعکس جن میں واجپائی حکومت بھی شامل ہے ۔ اب تمام تر اختیارات ایک واحد شخص کے ہاتھ میں مرکوز ہیں جو مباحث کے بغیر فیصلے کرتا ہے ۔ راہول گاندھی نے یہاں کیرالا پردیش کانگریس کمیٹی کے توسیعی عاملہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی میں صرف مودی بولتے ہیں اور وہی فیصلے کرتے ہیں ۔ یہ بی جے پی کی حکومت نہیں بلکہ مودی حکومت ہے اوریہ تین تا چار کارپوریٹ گھرانوں کے لئے کام کرتی ہے ۔ یہاں صرف مودی کو اہمیت حاصل ہے ۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اس کے برعکس کانگریس ہمیشہ عوام کو بااختیار بنانے کی حمایت کرتی رہی ہے ، راہول گاندھی نے کہا کہ جب اٹل بہاری واجپائی نے پہلی بی جے پی زیر قیادت حکومت کی قیادت کی تھی تو اس وقت صورت حال مختلف تھی ، راہول نے کہا کہ واجپائی حکومت سے ہمیں مسائل در پیش تھے۔ ہم ان کے نظریات میں یقین نہیں رکھتے تھے لیکن وہ اپنے ساتھیوں کی بات سنا کرتے تھے ۔ اب پارٹی کے اندر بھی کوئی اپنا منہ نہیں کھول سکتا ۔ وہ ہمیں پارلیمنٹ میں خاموش رہنے کی تلقین کرتے ہیں ۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ بی جے ایک ایسی جماعت ہے جو اقتدار حاصل کرنے موقع پرستانہ پالیسیوں پر عمل کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتی، کانگریس قائد نے کہا کہ(وزیر فینانس) اروون جیٹلی نے بھی کچھ عرصہ قبل لندن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اس بات کا اعتراف کیا تھا ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ یوپی اے حکومت کی جانب سے لئے گئے عوام دوست فیصلوں کو گزشتہ چھ ماہ کے دوران غیر موثر کردیا گیا ہے ،ر اہول گاندھی نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور وہ صرف دو یا تین کارپوریٹ گھرانوں کے مفادات کو فروغ دینے سے دلچسپی رکھتی ہے ، اگرچہ کہ کانگریس نے رائے دہندوں کی جانب سے حکومت کو سونپی گئی ذمہ داری کا احترام کیاتھا لیکن اب انہوں نے سوال کرنا شروع کردیا ہے کہ اس نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران ان کے لئے کیا کیا تھا ۔ یہ صورت حال کانگریس کے لئے ایک موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ عوام سے ہم آہنگ ہو اور اپنے دروازے ان کے لئے کھولے۔ پارٹی کے کیرالا یونٹ اور اس کی تنظیمی طاقت کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے آنے والے بلدی اور اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنے اور بھاری اکثریت حاصل کرنے کا موقع ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا میں اصل اپوزیشن جماعت سی پی آئی ایم کو کوئی فائدہ حاصل ہونے کا امکان نہیں ، کیونکہ وہ ابھی اندرونی اختلافات کے خلاف جدو جہد کررہی ہے ۔

Modi Government Only Works for Three to Four Corporates: Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں