بی جے پی کا واحد ایجنڈہ لو جہاد و تبدیلی مذہب - عام آدمی پارٹی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-28

بی جے پی کا واحد ایجنڈہ لو جہاد و تبدیلی مذہب - عام آدمی پارٹی

لکھنو
یو این آئی
عام آدمی پارٹی نے آج الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا انتخابات کے دوران جھوٹے وعدے کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا ہے اور بی جے پی لو جہاد و تبدیلی مذہب کے نام پر قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ عام آدمی پارٹی قائدین نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور کانگریس ایک ہی سکہ کے دو رخ ہیں ۔ دونوں جماعتوں کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں اور وہ جھوٹے وعدے کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کرنے سے ہی دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اپنا ترقیاتی ایجنڈہ ترک کردیا ہے اور عوام میں پھوٹ ڈالنے لو جہاد اور تبدیلی مذہب جیسے مسائل اٹھائے ہیں ۔ پارٹی قائدین منیش سسوڈیا اور سنجے سنگھ یہاں فنڈس کی وصولی کے لئے لنچ پروگرام سے پہلے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عام آدمی پارٹی دہلی اسمبلی انتخابات میں یقینا50نشستیں حاصل کرے گی تاکہ وہاں آئندہ حکومت تشکیل دے سکے۔ منیش سسوڈیا نے کہا کہ بی جے پی لوک سبھا انتخابات کے مقابل جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں10 فیصد اور جھار کھنڈ اسمبلی انتخابات میں9فیصد ووٹ گنوا چکی ہے۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں بھی اگر یہی رجحان برقرار رہا تو کوئی بھی عام آدمی پارٹی کو تشکیل حکومت کے لئے50نشستیں حاصل کرنے سے نہیں روک سکتا ۔ عام آدمی پارٹی قائدین نے بی جے پی اور کانگریس پر تنقید کی کہ انہوں نے پارٹی فنڈ دینے والے80فیصد افراد کے ناموں کو انکشاف نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعتیں فنڈس کی وصولی کے پروگرام منعقد کرنے پر عام آدمی پارٹی کو نشانہ تنقید بناتی ہین لیکن ہمارے پاس شفاف نظام ہے جس کے تحت ہم تمام فنڈس کی وصولی اور خرچ کا انکشاف کرتے ہیں ۔ ہم لنچ ، ڈنر، ٹی پارٹی اور دیگر تقاریب کے ذریعہ فنڈس اکٹھا کرتے ہیں اور اپنی ویب سائٹ پر ان کا اعلان کرتے ہیں ، لیکن یہ جماعتیں وصول ہونے والے عطیات کو منظر عام پر نہیں لاتیں۔

AAP says BJP left development agenda aside for love jihad and conversion

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں