ساحلی صیانت کے لئے ہندوستانی ایجنسیوں کی مشترکہ مشقیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-27

ساحلی صیانت کے لئے ہندوستانی ایجنسیوں کی مشترکہ مشقیں

پاناجی
پی ٹی آئی
ہندوستان پر26/11کے حملوں کے دوران بحری سیکوریٹی کی کوتاہیوں کو دیکھتے ہوئے ہندوستان کے کوسٹل گارڈز نے ساحل پر اپنی طاقت بڑھانے کی کوششیں شروع کردی ہیں، اس مقصد کے لئے ہندوستان2020ء تک اپنے بحری بیڑہ میں150بحری جہاز اور100دوہرے انجن والے طیارے شامل کرے گا ۔ ہندوستانی کوسٹ گارڈز کے ڈائرکٹرجنرل انوراگ جی تھپلیال نے آج گوا شپ یارڈ لمٹیڈ میں سمندری پٹرولنگ کرنے والی کشتی کی شروعات کرنے کے بعد میڈیا سے کہا’’ 26/11کے حملوں نے ہندوستان میں خود آگہی پیدا کردی ہے۔ ہماری ساحلی پٹی کو عمومی طور پر محفوظ سمجھاجاتا ہے ۔ ہم نے کبھی بھی اس طرح پیش بینی نہیں کی تھی کہ دہشت گرد سمندری راستوں سے حملہ کرسکتے ہیں۔ اس حملے نے ہمیں جگایا ہے ۔‘‘انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے ساحلی سیکوریٹی کی کوتاہیوں کو دور کرنے کا تہیہ کرلیا ۔ تمام علاقوں سے متعلق تیار کردہ رپورٹ کی بنیاد پر تفصیلی جائزہ لیاگیا اور ان علاقوں میں کام کیاجارہا ہے ۔ انہوں ںے کہا کہ اس حملہ کے بعد ساحلی کوسٹ گارڈز کے لئے اضافی یونٹس ، ساحلی اسٹیشنوں کے ساتھ ساتھ ساحلی راڈار کے چین نیٹ ورک کو قائم کئے گئے اس کے لئے افرادی قوت میں اضافہ کرنا پڑا ۔ انوراگ نے کہا کہ آج ہمارے پاس11ہزار افرادی قوت ہے ۔ جب کہ26/11حملوں کے وقت65بحری جہاز تھے آج ہمارے پاس100سے زیادہ جہاز ہیں ، اس میں اضافہ کے لئے مزید90جہازوں کو مختلف شپ یارڈز میں تیارکیاجارہا ہے ۔ انوراگ نے کہا کہ ہمارا مقصد2020ء تک جہازوں کی تعداد کو150اور طیاروں کی تعداد100 تک کرنا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں