دہلی میں تازہ اسمبلی انتخابات یقینی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-04

دہلی میں تازہ اسمبلی انتخابات یقینی

نئی دہلی
یو این آئی۔ پی ٹی آئی
دہلی میں تازہ انتخابات کا انعقاد یقینی معلوم ہوتا ہے ۔ بی جے پی، عام آدمی پارٹی ،اور کانگریس نے تشکیل حکومت سے اپنی معذوری ظاہر کی ہے ۔ لیفٹنینٹ گورنر نجیب جنگ اس سلسلہ میں اپنی سفارشات صدر جمہوریہ پر نب مکرجی کو اب کسی بھی وقت بھیجنے والے ہیں ۔ نجیب جنگ نے شہر کی موجودہ صورتحال پر غور کے لئے اور قومی دارالحکومت میں تشکیل حکومت پر تعطل کو ختم کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا تھا ۔ (گزشتہ9ماہ سے دہلی میں صدر راج نافذ ہے)3جماعتوں نے لیفٹنینٹ گورنر سے اپنی علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں بتایا کہ وہ(جماعتیں) تازہ انتخابات چاہتی ہیں،۔ جنگ نے بی جے پی کے ستیش اپدھیائے اور جگدیش مکھی، کانگریس کے ہارون یوسف اور عام آدمی پارٹی کے اروند کجریوال ونیز منیش سسوڈیا سے مشاورت کی ۔ لیفٹنینٹ گورنر کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں یہ بات کہی گئی اور کہا گیا کہ ان تمام جماعتوں نے تشکیل حکومت سے اپنی معذوری ظاہر کی (70رکنی دہلی اسمبلی میں بی جے پی واحد سب سے بڑی جماعت ہے جس کی نشستوں کی تعداد بشمول حلیف جماعت شرومنی اکالی دل کی ایک نشست29ہے) بتایاجاتا ہے کہ بی جے پی نے ہریانہ اور مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات میں اپنی کامیابی کے بعد دہلی میں انتخابات کے لئے حوصلہ پایا ہے ۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ کل پارٹی کی سنٹرل پارلیمانی بورڈ میٹنگ میں دونوں قائدین نے کہا تھا کہ پارٹی کو تازہ انتخابات کے لئے تیار رہنا چاہئے ۔ دہلی کے ایک سینئر بی جے پی لیڈر نے بتایا کہ’’ ہمیں تازہ انتخابات کرانے چاہئیں ، ایسے عظیم مواقع موجود ہیں کہ بی جے پی کو واضح اکثریت حاصل ہوجائے گی۔‘‘اروند کجریوال کی عام آدمی پارٹی ، دہلی اسمبلی کی دوسری سب سے بڑی پارٹی ہے جس کے ارکان کی تعداد27ہے ۔ اس پارٹی نے بھی لیفٹنینٹ گورنر سے کہہ دیا ہے کہ وہ اسمبلی کی فوری تحلیل اور تازہ انتخابات کا اعلان چاہتی ہے ۔ منیش سسوڈیا نے نجیب جنگ سے ملاقات کے بعد اخبار نویسوں کو بتایا کہ’’لیفٹنینٹ گورنر نے تشکیل حکومت پر ہمارا موقف دریافت کیا ۔ ہم نے ان سے کہا کہ ہمارا موقف وہی ہے جو8ماہ پہلے تھا یعنی دہلی میں تازہ انتخابات منعقد کرائے جائیں۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ دہلی اسمبلی کی جلد تحلیل کی مانگ پر عام آدمی پارٹی کی ایک درخواست عدالت میں زیر دوراں ہے۔ آثار و قرائین سے پتہ چلتا ہے کہ لیفٹنینٹ گورنرنجیب جنگ ، ریاستی اسمبلی کی تحلیل کی سفارش ، کسی بھی وقت صدر جمہوریہ کو بھیج سکتے ہیں ۔

Cabinet clears dissolution of Delhi Assembly, fresh polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں