پنجاب میں ہند پاک سرحد پر سیکوریٹی سخت کر دی گئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-04

پنجاب میں ہند پاک سرحد پر سیکوریٹی سخت کر دی گئی

امرتسر
یو این آئی
پنجاب میں ہند۔ پاک سرحد پر بارڈر سیکوریٹی فورس نے سیکوریٹی سخت کردی ہے اور رات میں چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔ کل شام واگھا سرحد کے قریب پاکستانی علاقہ میں خود کش بم حملہ کے بعد بی ایس ایف نے سرحد پر یہ قدم اٹھایا ہے ۔ بالخصوص مراجعت کے علاقہ میں سیکوریٹی بڑھادی گئی ہے۔ بین الاقوامی سرحد پر سیکوریٹی فورسس اور انٹلی جنس ایجنسیوں نے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ کل شام واگھا سرحد کی پاکستانی جانب ایک ریسٹورنٹ کے قریب خود کش بم حملہ میں کم از کم55افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔(مہلوکین کی تعداد بڑھ کر آج61ہوگئی ہے )واگھا سرحد پر طبل مراجعت تقریب 3دن کے لئے معطل کردی گئی ہے ۔ بارڈر سیکوریٹی فورس کے ڈی آئی جی ایم ایف فاروقی نے بتایا کہ پاکستان رینجرس سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ طبل مراجعت تقریب آئندہ3دنوں کے لئے منعقد نہ کی جائے گی(لاہور سے موصولہ اطلاع کے بموجب پاکستان نے تقریب مراجعت کی منسوخی سے دستبرداری اختیار کرلی ہے اور عوام کو ہند۔ پاک سرحد پر پرچم نیچے کرنے کی تقریب کا مشاہدہ کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔) پنجاب رینجرس کے ترجمان میجر شاہد عباس نے بتایا کہ دھماکہ کے مقام کی صفائی کے بعد فارنسک شواہد اکٹھا کرلئے گئے ہیں اس لئے تقریب کو معطل کرنے میں کوئی معقولیت نہیں ہے ۔
چنانچہ عہدیداروں نے قبل ازیں طے کردہ منصوبہ تبدیل کردیا ہے اور اس کی اطلاع بی ایس ایف کو دے دی ہے ۔ (یہ مشترکہ روایتی پریڈ’’ بی ایس ایف اور پاک رینجرس کی جانب سے کی جاتی ہے) نظم و نسق نے امرتسر میں سخت چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ اہم مقامات بشمول ریلوے اسٹیشن اور بین ریاستی بس ٹرمنس پر سیکوریٹی بڑھادی گئی ہے ۔ پنجاب پولیس نے مختلف مقامات پر ’’ناکے‘‘ قائم کردیے ہیں اور ہوٹلوں، سرائیوں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں ۔ دریں اثنا امرتسر ، لاہور سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین اور لاہور اور دہلی کے درمیان صدائے سرحد بس سروس آج معمول کے مطابق جاری رہی لیکن مسافرین کی تعداد کم تھی ۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر زمینی راستہ ہونے والی ہند۔ پاک تجارت کو بھی معطل کردیا گیا ہے ۔ ہند۔ پاک سرحد پر چوکسی میں اضافہ کے سبب بی ایس ایف نے کل رات کھلر اسیکٹر میں مداخلت کاروں کی ایک کوشش کو ناکام بنادیا ۔ بتاجاتا ہے کہ ایک خاتون مداخلت کار سیکوریٹی فورسس کی کارروائی میں ہلاک ہوگئی ۔

India tightens security after suicide attack at Wagah border

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں