پاکستان میں واگھا سرحد کے قریب خود کش حملہ - 60 ہلاک 200 زخمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-03

پاکستان میں واگھا سرحد کے قریب خود کش حملہ - 60 ہلاک 200 زخمی

امرتسر
آئی اے این ایس
آج واگھا بارڈر سے آدھا کلو میٹر دور پاکستانی علاقہ میں ہونے والے مبینہ خو د کش حملے میں60افراد ہلاک اور200سے زیادہ زخمی ہوگئے ۔ مہلوکین میں پاکستانی رینجرس کے اہلکار کے ساتھ استھ کواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ دھماکے کے فوری بعد رینجرز نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ۔ واگھا بارڈر پر ہر روز پرچم کشائی کی تقریب میں سرھد کے دونوں طرف ہزاروں لوگ شریک ہوتے ہیں ،۔ ہلاک ہونے والے افراد اس پرچم کشائی تقریب سے واپس ہورہے تھے ۔ عسکریت پسند تنظیم جند اللہ نے حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ یاد رہے کہ جند اللہ افغان سرحد سے متصل پاکستان کے جنوب مشرق کے قبائلی علاقہ میں قائم تنظیم ہے اور پاکستان میں متعدد دہشت گرد حملوں کی ذمہ دار بتائی جاتی ہے ۔ جند اللہ کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں جاری ضرب عضب آپریشن کے جواب میں اس نے یہ دھماکہ کیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس دھماکہ میں بال بیرنگ کے ساتھ کم از کم پانچ کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں نزدیک واقع متعدد دکانیں ،عمارتیں اور پارک کی کئی گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔ واضح رہے کہ وابگھ سرحد پاکستان کے شہر لاہور اور بھارت کے شہر امرتسر کے درمیان واقع واحد سرحدی گزرگاہ ہے اور دونوں ممالک کے درمیان یہاں سے سڑک اور ٹرین کے راستے آمدورفت ہوتی ہے ۔ ہندوستان نے اس واقعہ کے بعد بی ایس ایف کے دستوں کو الرٹ کردیا ہے ۔ امرتسر سے لگ بھگ30کلو میٹر دور واقع اٹاری سرحد پر تعینات سیکوریٹی حکام نے کہا کہ اس دھماکہ کی آواز کو اٹاری سے لگ بھگ2کلو میٹر کے فاصلہ سے سنا گیا ۔ اتوار کا دن ہونے کی وجہ سے پاکستانی علاقہ میں تقریب کے شرکاء کی تعداد معمول سے زیادہ تھی ۔ دریں اثناء ہندوستانی حکام نے بتایا کہ سرحد کے اس جانب دھماکہ کا کوئی اثر نہیں ہوا ۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے لحاظ سے شام5:50بجے پیش آیا ۔ بچاؤ عملہ،پولیس اور سیکوریٹی فورسز فوری مقام واردات پر پہنچ گئے ہیں اور لاشوں اور زخمیوں کو نزدیکی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ۔ ڈی جی رینجرز پنجاب نے بتایاکہ حملہ آور کے جسم کا سر اور پاؤں دستیاب ہوئے ہیں۔ دی جی رینجرز کے مطابق دھماکے میں3رینجرز اہلکار ہلاک اور 5زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ دھماکہ اس مقام پر ہوتا جہاں پر پریڈ ہوتی ہے تو بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خطرہ تھا کیوں کہ بقول ان کے پریڈ دیکھنے کے لئے 7سے8ہزار افراد موجودہوتے ہیں۔
دھماکے کے بعد ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز لاشوں کو رکھنے کے لئے کم پڑ رہے تھے ۔ ٹیلی ویژن پر دکھائے جانے والے مناظر میں دیکھاجاسکتا تھا کہ مقامی گھر کے ہسپتال میں لاشوں کو رکھنے کی جگہ نہ ہونے کے باعث لاشیں پارکنگ کے احاطے میں رکھی گئی ہیں ۔ زخمیوں کی ایک بڑی تعداد لاہور کے گھر کے ہسپتال لایا گیا ہے ۔ عینی شاہدین کے مطابق اچانک زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی اور اس کے بعد شعلے بھڑک اٹھے جس کے بعد انہوں نے لاشیں دیکھیں ۔ واقعہ کے بعد لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ شہر میں سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے۔ دھماکے کی تفتیش کے لئے پاکستانی حکومت نے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ مقامی میڈیا کے مطابق زخمی اور ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد رینجرز اہلکار کی ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کی ہے ۔

Wagah border suicide bomb attack toll reaches 60

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں