روشنی کے بغیر زندگی کا تجربہ کرنے احمد آباد میں ریسٹورنٹ تھیٹر کا قیام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-04

روشنی کے بغیر زندگی کا تجربہ کرنے احمد آباد میں ریسٹورنٹ تھیٹر کا قیام

احمد آباد
پی ٹی آئی
احمد آباد کے عالیشان دسترا پور علاقہ میں ایک’’Seeing in Dark‘‘ ریسٹورنٹ و تھیٹر تعمیر کی گئی ہے ، جہاں لوگ نابینا افراد کی طرح روشنی کے بغیر زندگی کو محسوس کرسکتے ہیں ۔ بلائنڈ پیپلز اسوسی ایشن( بی پی اے) کی جانب سے تعمیر کی گئی اس ریسٹورنٹ و تھیٹر کا حال ہی میں افتتاح ہوا ہے، جس کی دیواریں، پردے ، میز، کرسیاں، ایر کنڈیشنر اور پنکھے سب کے سب سیاہ رنگ کے ہیں اور وہاں روشنی کا کوئی امکان نہیں ۔ آپ جب اندر داخل ہوتے ہیں تو آپ کو گہری تاریکی میں اپنے میز تک پہنچنا ، اپنی غذا کے آرڈر دینا اور اسی تاریکی میں اسے نوش کرنا ہوتا ہے ۔ آپ اپنی غذا تو کیا پلیٹ تک کو دیکھنے سے قاصر رہتے ہیں۔ اس 50نشستی گہری تاریک تھیٹر میں آپ فلم بینی سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور عامر خان کی فلم ’’تارے زمین پر‘‘ کی صرف آوازیں سن سکتے ہیں ۔ بی پی اے کے ڈائرکٹر نندنی راول نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ کوئی نیا خیال نہیں ہے۔ مغربی ممالک میں ایسے تھیٹریں موجود ہیں ۔ ہم نے وہاں سے یہ خیال مستعار لیا ہے ، لیکن ہندوستان میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی تاریک ریسٹورنٹ تھیٹر ہے ۔ اس کے دو مقاصد ہیں ۔ ہم جس سماج میں رہ رہے ہیں وہاں ہم دیکھ سکتے ہیں کہ دوسروں کے تئیں حساسیت کم ہوتی جارہی ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ نابینا افراد کی زندگی کا تجربہ کریں۔ شاید ایسا کرنے سے وہ بینائی سے محروم افراد کی زندگی کو بہتر طور پر سمجھ پائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا مقصد یہ ہے کہ ہ مارے جیسے لوگ جن کے تمام اعضاء سلامت ہیں ان کی اہمیت کو نہیں سمجھتے ۔
تاریکی میں دیکھنے کے تجربہ سے ہم ان کی اہمیت کو محسوس کریں گے اور خدا کے شکر گزار ہوں گے کہ ہمارے تمام اعضاء صحیح سالم ہیں اور اپنا کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں تربیت یافتہ نابینا افراد کے ذریعہ آنے والوں کو خدمات فراہم کی جاتی ہیں ۔ بی پی اے کے سوشل کوارڈنیٹر جگدیش ترویدی نے بتایا ریسٹورنٹ اور تھیٹر کے اندر پانچ منٹ گزارنے کے بعد ایک انوکھا تجربہ ہوتا ہے ۔ بی پی اے کا منصوبہ ہے کہ وہ اسی احاطہ میں ایسی مزید سہولتیں تعمیر کرے ، جہاں لوگ مختلف چیزوں جیسے گاؤں کے چوراہے ، ٹریفک کی بھیڑ بھاڑ سے گزرنے اور گہری تاریکی میں کسی کشتی میں سفر کرنے کا تجربہ کرسکیں ۔ راول نے کہا کہ ہم اپنی عمارت کے تہہ خانے میں ان سہولتوں کی تعمیر پر80تا90لاکھ روپے خرچ کریں گے ، لیکن عوام اور بالخصوص بچوں میں اس ضمن میں بیداری پیدا کرنے سے زیادہ یہ رقم اہم نہیں ہے ۔ ترویدی نے کہا کہ وہ اس تجربہ کے مشاہدہ کے لئے رات میں یا تاریکی میں دیکھنے کی صلاحیت رکھنے والے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا بھی منصوبہ رکھتے ہیں اور اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ کہ کوئی بھی تاریکی کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائے ۔ واضح رہے کہ بی پی اے ایک رضا کار تنظیم ہے، جو ہر قسم کے معذورین کے لئے کام کرتی ہے اور انہیں تعلیم ، روزگار کے مواقع، مساوی حقوق اور معیاری زندگی فراہم کرتی ہے ۔

A unique 'dark' restaurant-theatre run by the blind

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں