صرف قبائلی اور دلت ہی ملک کے اصل عوام - وزیر اعلیٰ بہار کا متنازعہ بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-13

صرف قبائلی اور دلت ہی ملک کے اصل عوام - وزیر اعلیٰ بہار کا متنازعہ بیان

بیٹیا؍پٹنہ
پی ٹی آئی
چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی نے ایک اور تنازعہ کھڑا کرتے ہوئے اعلیٰ ذات کے لوگوں کو’’بیرونی اور آریائی نسل سے تعلق رکھنے والے‘‘ قرار دیا ہے ۔ اس ریمارک پر بی جے پی نے شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ مانجھی بہار میں ’’ذات کے نام پر کشیدگی بھڑکارہے ہیں ۔‘‘ مانجھی نے کل رات بیٹیا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متنازعہ ریمارکس کئے تھے اور کہا تھا کہ’’ اعلیٰ ذات کے یہ لوگ جو بیرونی ہیں اور آریائی نسل سے تعلق رکھنے والے ہین ، بیرونی ممالک سے یہاں آگئے ہیں ۔‘‘ صرف قبائلی اور دلت عوام ہی اندرون ملک کے عوام ہیں ۔‘‘ چیف منسٹر نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے دلتوں اور قبائلیوں سے اپیل کی کہ وہ زیر تعلیم سے آراستہ ہوں اور سیاسی شعور پیدا کریں تاکہ اس امر کو یقینی بنایاجائے کہ پچھڑے ہوئے طبقات ، بہار میں حکومتوں کی تشکیل میں اہم رول ادا کرسکیں ۔ اسی دوران ریاستی اپوزیشن بی جے پی اور اس کے سینئر لیڈر و سابق ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی نے مانجھی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ (مانجھی) اس ریاست میں ذات پات کے نام پر کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی چیف منسٹر اعلیٰ ذات کے لوگوں کی نسل کے تعلق سے سوال اٹھاتے ہوئے مختلف طبقات کے درمیان انتشار کا بیج بونے کی کوشش کررہے ہیں ۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے کہ مانجھی نے ایسی اوٹ پٹانگ بات کہی ہے ۔ قبل ازیں انہوں نے’’سماجی بنیادوں پر عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کی تھی ۔
قبل ازیں مانجھی نے الزام لگایا تھا کہ ضلع مدھو بنی کے ایک مندر میں ان کے ساتھ امتیاز برتا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ مندر میں ان کے حاضری دینے کے بعد اس مندر کو دھویا اور پاک کیا گیا تھا ۔‘‘ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ چیف منسٹر کا یہ الزام ابھی پایہ ثبوت کو نہیں پہنچا ہے کہ ان کے ساتھ امتیاز برتا گیا تھا ۔اس وقت مندر میں مانجھی کے ساتھ 2وزراء اور جنتادل یو کے کئی قائدین بھی تھے جنہوں نے اس روز سماجی بنیادوں پر مانجھی کے ساتھ امتیاز برتے جانے کے دعوے کو مسترد کردیا ہے ۔ خود مانجھی نے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا تھا لیکن عہدیداروں کی جانب سے ابھی تک رپورٹ کی پیشکشی باقی ہے ۔ سشیل کمار مودی نے مزید الزام لگایا کہ مانجھی اپنے خلاف امتیاز برتے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ،۔ مانجھی کے دعویٰ کی تردید خود ان کے وزراء اور پارٹی کارکنوں نے کی ہے ۔

Upper caste people are foreigners, says Bihar CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں