کوبانی میں آئی ایس کے ٹھکانوں پر فضائی حملے - 21 جنگجو ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-01

کوبانی میں آئی ایس کے ٹھکانوں پر فضائی حملے - 21 جنگجو ہلاک

بیروت
آئی اے این ایس
شام۔ ترک سرحد پر واقع کردوں کے ٹاؤن اسلامی ریاست( آئی ایس) کے ٹھکانوں پر امریکی زیر قیادت فوج نے فضائی حملے کئے جس کے نتیجہ میں21جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایک مانیٹرنگ گروپ نے یہ اطلاع دی ہے ۔ مہلوکین میں آئی ایس کا ایک کماندر اور نیدر لینڈ سے عسکری گروپ میں شامل ہونے والا ایک جنگجو شامل ہے ۔ اس دوران اقوام متحدہ نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں واضھ کیا ہے کہ عراق اور شام میں فعال سنی انتہا پسند گروپ گروہ اسلامی ریاست(آئی ایس) میں80ملکوں کے ہزاروں شوقین جہادی شریک ہوچکے ہیں ۔ آئی ایس کے جہادیوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جانب سے ایک خصوصی رپورٹ کے مختلف اقتباسات برطانوی اخبار گارڈین نے شائع کئے ہیں ۔ اس رپورٹ کے مطابق اس وقت سخت گیر جہاری تنظیم اسلام ریاست کی صفوں میں15ہزار افراد شامل ہوچکے ہیں ۔ رپورٹ میں بتا یا گیا کہ ان15ہزار جہادیوں کا تعلق مختلف80ملکوں سے ہے ۔ اقوام متحدہ نے اس عمل کو غیر معمولی قرار دیا ہے ۔ اسلامی ریاست میں شامل ہونے والے جہادیوں کے بارے میں خصوصی ریسرچ رپورٹ اقوام متحدہ کے پالیسی ساز ادارہ سیکوریٹی کونسل کی ہدایت پر تیار کی گئی ہے ۔ ریسرچرس نے بتایا کہ یہ ایک حیران کن عمل ہے کہ گزشتہ20برسوں میں اتنی بڑی تعداد میں دنیا بھر سے جہادی کسی انتہا پسند تنظیم میں شامل نہیں ہوئے اور2010ء کے بعد اس تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا چلا گیا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق دہشت گرد جنگجوؤں کا تعلق فرانس سے ہویا روسی فیڈریشن سے ، برطانیہ سے ہو یا شمالی آئر لینڈ س سے، سب متحد ہوکر ایک جھنڈے تلے مسلح سر گرمیوں میں شریک ہیں۔ برطانوی پولیس کے سربراہ برنارڈ ہوگن ہوو کا کہنا ہے کہ تقریباً ہر ہفتہ 5افراد ملک چھوڑ کر جارہے ہیں اور یہ سب آئی ایس کاحصہ بنتے ہیں ۔ برطانوی سیکویرٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت آئی ایس میں برطانوی جہادیوں کی تعداد500کے لگ بھگ ہے ۔ برٹش پولیس نے اپنی مختلف کارروائیوں میں درجنوں افراد کو ملک چھوڑ کر جانے سے قبل حراست میں لیا ہے ۔ ادھر یورپی ملک فرانس بھی انسداد دہشت گردی کے قانون کی منظوری کے قریب ہے اور اس میں بھی جہادکی پلاننگ اور اس مقصد کے لئے سفر کرنے پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔ شام و عراق کے جنگی علاقوں سے واپس آنے والے جہادیوں کو سنبھالنے میں کئی اقوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔امریکی خفیہ ادارہ سنٹرل انٹلی جینس ایجنسی(CIA) نے گزشتہ ماہ اطلاعات پر مبنی جو اعداد و شمار بتائے تھے ، ان کے مطابق عراق و شام میں اسلامی ریاست کے جہادیوں کی کل تعداد20ہزارسے31ہزار 500تک ہوسکتی ہے ۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ نے واضح کیا کہ اس مجموعی تعداد میں15ہزار جہادی اسی ملکوں میں شامل ہیں ۔ امریکی سیکوریٹی ذرائع کے مطابق مغربی اقوام کے2ہزار جہادی شامل ہیں۔ اس سے قبل مغربی اقوام کے جہادیوں کی تعداد7ہزار تک خیال کی گئی تھی ۔

US-led air strikes hit ISIS positions around Kobani

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں