تلنگانہ حکومت تمام سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-14

تلنگانہ حکومت تمام سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرے گی

حیدرآباد
ایس این بی
وزیر تعلیم جی جگدیش ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ، ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں آئندہ سال ماہ اگست تک بیت الخلاء اور پینے کے پانی کی سہولت کے علاوہ تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرے گی ۔ آج قانون ساز کونسل میں ارکان کونسل ٹی سنتوش کمار، ایم رنگا ریڈی اور ایم ایس پربھاکر راؤ نے کہا کہ بنیادی سہولتیں بالخصوص بیت الخلاء اور پینے کے پانی کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے سرکاری اسکولوں میں لڑکیوں کی تعداد کم ہوتی جارہی ہے ۔ اگر حکومت بنیادی سہولتیں فراہم کرے تو ان کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا ۔ اس کے جواب میں وزیر موصوف نے کہا کہ لڑکیوں کی تعداد بعض سرکاری اسکولوں میں کم دیکھی گئی یہاں بنیادی سہولتوں کا فقدان پایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں جملہ 28,982سرکاری اسکولس ہیں ان میں2,122شہری اسکولوں کے منجملہ131اسکولس میں بیت الخلاء کی سہولت نہیں ہے ۔ اور4,693اسکولوں میں پینے کے پانی کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان اسکولوں میں پینے کے پانی کی عارضی سہولت پہنچائی گئی ہے ۔ مٹکے ، گھڑے اور ڈرمس ان اسکولوں کے لئے فراہم کئے گئے ہیں ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ سروسکھشا ابھیان فنڈس کے ذریعہ اسکولوں میں اب تک 1520بیت الخلاء تعمیر کروائے گئے ہیں جب کہ دیگر اسکولوں میں آئی ٹی کمپنیوں، خانگی شعبہ جات اور فارما کمپنیوں کے تعاون سے بیت الخلاء اور پینے کے پانی کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ’’سوچ بھارت سوچھ وددھالیہ ابھیان‘‘ کے تحت ہر سرکاری اسکول میں طلباء و طالبات کی سہولت کے لئے بیت الخلاء تعمیر کروائے جائیں گے ۔ جبکہ ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی فنڈس فراہم نہیں کئے گئے اور نہ ہی ان کاموں کی تکمیل کے لئے علیحدہ بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ مرکز نے کہا ہے کہ خانگی شعبہ جات نے تیقن دیا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے176سرکاری اسکولوں میں بیت الخلاء تعمیر کروائیں گے ۔ اس بات کی اطلاع وزیر موصوف نے قانون ساز کونسل کو دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ٹی پی سی کے ذریعہ دس کروڑ کی لاگت سے سرکاری اسکولوں میں پینے کے پانی اور بیت الخلاء کی تعمیر کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے انتخابات سے قبل اپنے منشور میں جو وعدے کئے تھے ان کو ہرحال میں پورا کیاجائے گا۔ بالخصوص پرائمری سطح تک تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ بچے اسکول کو آنے کے پابند ہوسکیں ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت آئندہ سال ماہ اگست سے تمام سرکاری اسکول میں بنیادی سہولتیں فراہم کرے گی۔

Telangana government will provide all the basic facilities in government schools

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں