ریاض میں جی سی سی کا اجلاس - قطر سے تنازعہ ختم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-18

ریاض میں جی سی سی کا اجلاس - قطر سے تنازعہ ختم

سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اپنے ملک کے سفیروں کی قطر میں تعیناتی کے لئے اپنی رضامندی دے دی ہے ۔ خلیجی ممالک کی کونسل( جی سی سی) کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کل یہ اطلاع دی گئی۔ قطر میں سفیر واپس بھیجے جانے سے متعلق تینوں ممالک کا یہ فیصلہ اسلامی گروپ کو دوحہ کی طرف سے دی جارہی حمایت کے سلسلے میں اختلافات کے خاتمہ کا اشارہ سمجھاجارہا ہے ۔ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اس مسئلہ کے سلسلے میں منعقدہ فوری اجلاس کے بعد سفیروں کو واپس بھیجے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی میزبانی میں اس خصوصی غیر علانیہ اجلاس میں امیر کویت شیخ صباح الاحمد االجابر الصباح اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ نے الریاض میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی ہے ۔ خلیجی ریاستوں کے لیڈروں کے وفود میں ان کے وزرائے خارجہ اور دوسرے اعلیٰ حکام بھی شامل تھے ۔ ایس پی اے کے مطابق اتوار کی شام الریاض آمد پر ولیعہد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز آل سعود اور جی سی سی کے سکریٹری جنرل عبداللطیف آل ضیانی نے ان کا استقبال کیا تھا۔
مقامی میڈیا نے گزشتہ ہفتہ یہ اطلاع دی تھی کہ 6ممالک پر مشتمل جی سی سی کے لیڈروں کا10,9دسمبر کو دوحہ میں سالانہ اجلاس سے قبل ایک اجلاس ہوگا اور اس میں تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان اختلافات ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ جی سی سی کا چھٹا رکن اومان ہے ۔ کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح نے قطر اور سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کے خاتمہ کے لئے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے اور ان کی یہ کوششیں بالآخر کامیاب ٹھہری ہیں ۔ قطر پر مصر کی مذہبی سیاسی جماعت اخوان المسلمون کی حمایت اور اس کے لیڈروں کو پناہ دینے کا الزام تھا ، جبکہ سعودی عرب ، یو اے ای ، اور بحرین اخوان المسلمون کے مخالف تھے اور انہوں نے اس جماعت کو دہشت گرد قرار دے دیا تھا ۔ اس کے بعد ان تینوں ممالک نے مارچ2014ء میں دوحہ سے اپنے سفیروں کو بھی واپس بلا لیا تھا ۔1981ء میں جی سی سی کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ اس کے رکن ممالک کے درمیان اس طرح کا سفارتی بحران پیدا ہوگیا تھا۔

Surprise GCC meeting smooths over Qatar tensions

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں