دہشت گردی کی فہرست میں شمولیت پر عالمی علما کونسل کا اظہار حیرت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-18

دہشت گردی کی فہرست میں شمولیت پر عالمی علما کونسل کا اظہار حیرت

قطر میں عالمی علما کونسل نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے اسے دہشت گرد تنظیم اعلان کرنے پر حیرانی کا اظہار کیا ہے ۔ انٹر نیشنل یونین آف مسلم اسکالرس نے آج یہاں ایک بیان جاری کر کے متحدہ عرب امارات سے اپیل کی ہے کہ وہ اسے85دہشت گرد تنظیموں کی اس فہرست سے باہر کردے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ بغیر کسی تجربہ اور تحقیقات کے اس کا نام اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔ قطر میں مقیم مصری نژاد عالم دین علامہ یوسف القرضاوی کی قیادت میں کام کرنے والی علماء کونسل نے اسے دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر انتہائی حیرت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ یو اے ای حکومت سے متفق نہیں ہے ۔ اس نے کہا کہ تنظیم کا مقصد اسلام کے تئیں بیداری پیدا کرنا اور اسکالر شپ کو فروغ دینا ہے۔ واضح رہے کہ تنظیم کا نام دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں نصرہ فرنٹ اور اسلامی ریاست جیسی تنظیم کے ساتھ شامل کیاگیا ہے ۔ اس دوران اردن میں سر گرم اخوان المسلمون کی اسلامک ایکشن فرنٹ پارٹی نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے تنظیم کو دہشت گرد قرار دینے کے اقدام کی مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں پارٹی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا فیصلہ عقل اور منطق دونوں کے خلاف ہے ۔ ان تنظیموں کو کیوں نشانہ بنانا چاہتے ہیں جو تمام ملکوں سے مسلمہ موقف کے تحت اسلام کی خدمت انجام دیتی ہیں۔ صرف اسلا م پسندوں پر دہشت گردی کا الزام عائد کیوں کرنا چاہئے ، جب کہ حقیقی بین الاقوامی دہشت گردی کی سرپرستی امریکہ اور اسرائیل کررہے ہیں ۔
ہفتہ کو متحدہ عرب امارات نے دہشت گردوں کی ایک فہرست میں82دیگر تحریکات اور تنظیموں پر مشتمل ہے اخوان المسلمون کو شامل کیا ہے ۔ اسلامی ایکشن فرنٹ پارٹی نے کہا کہ فہرست میں شامل کئی تنظیمیں اعتدال پسند ہیں۔ دوسری طرف مصر نے یو اے ای کی جانب سے اخوان المسلمون کو دہشت گرد قرار دینے کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے ۔ مصری وزارت خارجہ کے ترجمان بدر العاطی نے ایک بیان میں کہا کہ مصر اس فیصلہ کا خیر مقدم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قاہرہ اور ابو ظہبی کے درمیان تمام شعبوں بشمول سلامتی کے شعبہ میں تال میل پایاجاتا ہے ۔ دریں اثناء بین الاقوامی تنظیم اخوان کے ایک سینئر لیڈر نے دہشت گردی فہرست میں اخوان کو شامل کرنے کے یو اے ای کے فیصلہ کی قدر گھٹاتے ہوئے کہا کہ اس فیصلہ سے ہمیں کوئی حیرت نہیں ہوئی ہے ،۔ تنظیم کے سکریٹری جنرل ابراہیم منیر نے انادولواایجنسی کو فون پر بتایا کہ اس فیصلہ کا مستقبل میں اخوان پر کسی طرح کا اثر نہیں پڑے گا ۔ اس فہرست میں شامل یمن کی شیعہ حوثی سیاسی کونسل کے ایک رکن محمد البقیاطی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے اس فیصلہ کا جزیرہ نما ئے عرب میں بقائے باہم پر منفی اثر پڑے گا خاص طور پر ایک ایسے وقت جب مسلم امت تفریق کا شکار ہے ۔

Muslim scholars' union slams UAE 'terrorist' label

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں