مہاراشٹرا میں شیو سینا اپوزیشن بنچوں پر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-11

مہاراشٹرا میں شیو سینا اپوزیشن بنچوں پر

ممبئی
پی ٹی آئی
شیو سینا نے آج متضاد اشارے دیتے ہوئے مہاراشٹرا اسمبلی میں قائد ا پوزیشن کے عہدہ پر اپنی دعویداری پیش کی لیکن حکومت میں شرکت کے بارے میں بی جے پی کے ساتھ مفاہمتی بات چیت کے لئے تیار ہونے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جب کبھی آگے آئے مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کو الٹی میٹم دیا تھا کہ وہ اپنی حکومت کی بقاء کے لئے این سی پی کے تائید کے مسئلہ پر دونوں کا اندر موقف واضح کرے جس کے ایک دن بعد اچانک اقدام میں شیو سینا نے اسمبلی کے سکریٹری کو ایک مکتوب پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کے مقننہ پارٹی لیڈر ایکناتھ شنڈے کو قائدا پوزیشن کا موقف دیاجائے ۔ کچھ گھنٹوں بعد ادھو ٹھاکرے نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اپوزیشن کے عہدہ پر دعویداری پیش کرنے کا فیصلہ اس لئے کیا گیا کیونکہ کانگریس اس بنیاد پر اس عہدہ کی خواہاں ہے کہ شیو سینا، بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کا حصہ ہے ۔ اس دوران شیو سینا نے آج رات کہا ہے کہ اس نے نہ صرف مہاراشٹرا قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن کے عہدہ پر اپنی دعویداری پیش کی ہے بلکہ وہ اسپیکر کے عہدہ کے لئے چناؤ بھی لڑ سکتی ہے ۔ چیف منسٹر دیویندر فڈ نویس اس دوران اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے ۔ تشکیل حکومت کی دعوت پر گورنر نے انہیں15نومبر تک اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی مہلت دی ہے ،۔ شیو سینا کے ارکان زعفرانی پٹہ والے ایوان پہنچے اور اپوزیشن کی بنچیں سنبھال لیں جہاں پہلے ہی ان کے لئے نشستوں کا انتظام کیا گیاتھا ۔ اصولی اعتبار سے288رکنی ایوان میں دوسری بڑی پارٹی ہونے کی حیثیت سے اس کے لئے یہ انتظام کیا گیا ۔ ایوان کی کارروائی کا آغاز صبح گیارہ بجے ہوا اس سے قبل گورنر سی ایچ ودیا ساگرراؤ نے سینئر رکن اسمبلی جیواپانڈوگاوت کو عبوری اسپیکر کی حیثیت سے حلف دلایا ۔ یہ عمل کل تک جاری رہے گا ۔ سیشن کے آخری دن12نومبر کو اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔
این سی پی نے ریاست میں ایک مستحکم حکومت کے لئے12نومبر کو مہاراشٹرا اسمبلی میں تحریک اعتماد کے موقع پر بی جے پی کی تائید کے اپنے عہد کا آج اعادہ کیا ہے ۔ این سی پی صدر شرد پوار نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایوان میں تحریک اعتماد پیش کی جاتی ہے تو ان کی پارٹی کے41ارکان غیر حاضر رہیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ ریاست میں صرف استحکام کی خاطر وہ بی جے پی کی تائید کریں گے ۔ ان کا یہ بیان بی جے پی کے لئے اطمینان کی نئی سانس ہے ۔ بصورت دیگر 288رکنی ایوان میں سادہ اکثریت 145کا عدد حاصل کرنے اسے23ارکان کی قلت کا سامنا ہوگا۔

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مہاراشٹرا میں اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھنے کے شیو سینا کے فیصلہ کے باوجود مرکزی وزیر اننت گیتے اپنے وزارتی عہدہ پر برقرار رہیں گے اور کہا ہے کہ انہیں پارٹی ادھو ٹھاکرے کی جانب سے آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں کوئی ہدایت نہیں ملی ہے ۔ این دی اے حکومت کے کابینی وزیر اننت گیتے نے وزارت میں توسیع کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے طلب کردہ مجلس وزراء کے پہلے اجلاس میں شرکت کی ۔ بھاری صنعتوں کے وزیر نے کہا کہ میں میٹنگ میں موجود تھا لیکن میری وزارت کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ وزارت سے استعفیٰ دے دیں گے گیتے نے کہا کہ مجھے اس بارے میں ادھو جی سے کوئی ہدایت نہیں ملی ہے ۔

ممبئی
پی ٹی آئی
مہاراشٹرا میں حکمراں بی جے پی کے ساتھ اپنی دوری کو برقرار رکھتے ہوئے شیو سینا نے ممبئی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر( سی ای او) کے عہدہ پر تقرر کی تجویز پر اپنے سابق حلیف کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں سینا کے صلاح و مشورہ لئے بغیر کوئی بھی فیصلہ نہ کیاجائے ۔ شیو سینا نے اپنے ترجمان اخبار’سامنا‘ کے اداریہ میں لکھا کہ موجودہ چیف منسٹر نے ریاست کے لئے بڑا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ وہ چاہتے ہیں کہ مہاراشٹرا کے لئے کوئی اچھا کام کیاجائے لیکن بی جے پی کے لئے یہ بہتر ہوگا کہ اگر وہ شیو سینا رائے و مشورہ لیں اور مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی پر کسی فیصلہ سے قبل اس کے موقف کو معلوم کرلیاجانا چاہئے ۔ اداریہ میں کہا گیا کہ’’آپ ممبئی کے سی ای او کا تقرر کرتے ہوئے کیا حاصل کریں گے ، ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ ممبئی واسیوں کے غصہ اور ملامت کو دعوت نہ دیں۔‘‘ ممبئی میں کئی ایک پراجکت جاری ہیں، چیف منسٹر مہاراشٹرا فڈ نویس کا خیال ہے کہ انتظامی سہولت کے لئے شہر ممبئی میں ایک سی ای او کا تقررکیاجائے ۔ چیف منسٹر کے مطابق ممبئی اور اس سے متعلق میٹرو پولیٹن علاقہ میں کئی کام ربط و ضبط کی کمی اور عدالتی دائرہ کار کے مسائل کے باعث رکے ہوئے ہیں ۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری کے رتبہ کے عہدیدار کو سی ای او بنایاجائے گا۔
شیو سینا نے کہا کہ ممبئی کے لئے سی ای او کے تقرر کے فیصلہ سے قبل چیف منسٹر کے لئے عقلمندی کی بات ہوگی کہ ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی( ایم ایم آر ڈی اے) جیسی ایجنسی کے ترقیاتی کام پر نظر ڈالیں ۔ پچھلے ریاستی حکومت نے ترقی کے نام پر اس ایم ایم آر ڈی کی تخلیق کی تھی ۔ وہ ممبئی کے مسائل کے حل کے لئے اور شہر کی ترقی کے لئے اس ایجنسی سے کیا کامیابی حاصل کرسکے ؟ چیف منسٹر کے لئے یہ بہتر ہوگا کہ وہ کوئی فیصلہ کرنے سے قبل ان تمام حقائق سے آگاہی حاصل کریں۔ شیو سیناچیف منسٹر اس طرح کے فیصلہ کرتے ہوئے ممبئی شہر کے مسائل کو کم کرنے کے بجائے یہاں مسائل میں اضافہ کررہے ہیں ۔، اداریہ میں مزید کہا کہ اگر وہ صحیح معنوں میں شہر کے لئے مفاد میں کام کرنا چاہتے ہیں ، وہ بمبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی) کے عہدیداروں کو مزید اختیارات تفویض کریں اور ان کے کام میں مددد یں ۔ شیو سینا رکن پارلیمنٹ راہول شیوالے نے قبل ازیں مبینہ طر پر کہا کہ شہر کے لئے سی ای او کے تقرر کا مقصد ممبئی کو مہاراشٹرا سے علیحدہ کرنا ہے۔ جب چیف منسٹر ممبئی کے لئے سی ای او کے عہدہ کی بات کررہے ہیں، یہ سمجھاجارہا ہے کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ ممبئی کو ریاست سے علیحدہ کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے اسی طرح کے خیالات ودربھا کے لئے بھی ظاہر کیے ، شیوالے نے کہا کہ ہم اس کی مخالفت کریں گے ۔

Shiv Sena occupies opposition benches in Maharashtra assembly, says no talks on with BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں