چندرا بابو نائیڈو کا آج سہ روزہ دورہ سنگاپور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-11

چندرا بابو نائیڈو کا آج سہ روزہ دورہ سنگاپور

حیدرآباد
پی ٹی آئی
آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو ایک اعلیٰ سطحی وفد سنگا پور لے جائیں گے تاکہ سرمایہ کاروں کو اپنی ریاست کی جانب راغب کرسکیں ۔ چندر ا بابو نائیڈو کا دورہ سنگا پور کل سے شروع ہورہا ہے ۔ چیف منسٹر کے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد یہ ان کا پہلا بیرون ملک دورہ ہوگا ۔ سنگاپور کے سابق وزیر اعظم گوہ چوک ٹونگ نے8ستمبر کو اپنے دورہ ہند کے موقع پر چندرابابو نائیڈو کو سنگا پور کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ سنگا پور بندرگاہوں ، ایر پورٹس سیاحت اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے ۔ سنگا پور نے اسمارٹ شہروں کو فروغ دینے کے علاوہ اے پی کے نئے دارالحکومت کی تعمیر میں بھی تعاون کا پیشکش کیا ہے ۔ چندرابابو نائیڈو اور ان کا وفد اپنے دورہ سنگاپور کے موقع پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ سسٹم کا بھی معائنہ کرے گا کیونکہ حکومت آندھرا پردیش یہ سسٹم اپنی ریاست میں بھی متعارف کرانا چاہتی ہے ۔ انسٹی ٹیوٹ آف ساؤتھ ایشین اسٹڈیز نے بھی چندرابابو نائیڈو کو سنگاپور میں منعقد ہونے والی سالانہ جنوبی ایشیائی کا نفرنس میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا ہے۔ سنگاپور کے سہ روزہ دورہ میں چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نہ صرف مختلف تجارتی کانفرنسوں میں شرکت کریں گے بلکہ سرمایہ کاری کی تلاش میں شعبہ صنعت کے بڑے نمائندوں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے ۔ وفد میں وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو، وزیر بلدی نظم و نسق پی نارائنا ، نئی دہلی میں حکومت اے پی کے خصوصی نمائندے کے رام موہن راؤ ، مشیر انفارمیشن ٹکنالوجی جے ستیہ نارائنا ، مشیر اطلاعات پی پربھا کر اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شامل رہیں گے ۔ کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹریز کے چند نمائندے بھی دورہ سنگا پور میں چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کے ہمراہ ہوں گے ۔

Naidu to leave for Singapore on Tuesday

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں