اسد اویسی کی پرینتی شنڈے کو قانونی نوٹس - ہتک عزت مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-10

اسد اویسی کی پرینتی شنڈے کو قانونی نوٹس - ہتک عزت مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ

ممبئی
یو این آئی
مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے آج یہاں سابق مرکزی وزیر داخلہ کی دختر و مہاراشٹرا اسمبلی کی رکن پرنیتی شنڈے کے نام قانونی نوٹس جاری کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ مجلس اتحاد المسلمین کو ملک میں منافرت پھیلانے والی و اس پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرنے والے بیان پر وہ غیر مشروط طور پر معافی مانگے ورنہ ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیاجائے گا ۔ اسد الدین اویسی کی جانب سے اورنگ آباد شہر کے قادری انور نامی مجلس کے ایک قائد نے نامور وکیل خضر پٹیل کی معرفت سے قانونی نوٹس جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ5نومبر کو ٹی وی چینل کودئیے گئے ایک انٹر ویو میں پرینیتی شندے نے مجلس پر پابندی عائد کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ تک کہا تھا کہ مجلس اتحاد المسلمین ملک میں منافرت پھیلانے والی سیاسی جماعت ہے نیز اس کے قائدین کی تقاریر کا باریک بینی سے مطالعہ کرنے کے بعد ملک دشمن سرگرمیوں کے تحت مجلس کے لیڈران پر فوجداری قانون کے تحت کارروائی کی جائے ۔ اپنے قانونی نوٹس میں ایڈوکیٹ خضر پٹیل نے پرنیتی شندے کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو بے بنیاد بتاتے ہوئے کہا کہ پرنیتی شندے نے جان بوجھ کر ان کے موکل کی عوامی شبیہ خراب کرنے کے ارادے سے ہتک آمیز بیان جاری کیا ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے اور یہ ہتک عزت قانون کے زمرے میں آتا ہے ۔ نوٹس میں سابق وزیر داخلہ کی دختر سے آٹھ دنوں کے اندر غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے ورنہ ہتک عزت قانون کے تحت بیرسٹر اویسی نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کا بھی ارادہ ظاہر کیا ہے ۔

Praniti Shinde must apologise, says Owaisi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں