سی بی آئی چیف کے تقرر سے متعلق بل لوک سبھا میں منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-27

سی بی آئی چیف کے تقرر سے متعلق بل لوک سبھا میں منظور

نئی دہلی
پی ٹی آئی
لوک سبھا نے آج کورم سے متعلق شق پر سخت مزاحمت کے باوجود سی بی آئی چیف سے متعلق ایک قانون میں ترمیم کے لئے بل منظور کردیا ۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس نے الزام عائد کیا کہ اس کا مقصد سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کو تقرر کے عمل سے دور رکھنا ہے ۔ حکومت نے اس الزام کومسترد کردیا ۔ دہلی اسپیشل پولیس اسٹابلشمنٹ (ترمیمی بل2014) کے تحت واحد بڑی اپوزیشن جماعت کے قائد کو اس سہ رکنی کمیٹی میں شامل رکھنے کی گنجائش موجود ہے جو سی بی آئی ڈائرکٹر کاانتخاب کرتی ہے۔ اب چونکہ لوک سبھا میں اپوزیشن کا کوئی مسلمہ لیڈر نہیں ہے ، کمیٹی میں وزیر اعظم اور چیف جسٹس آف انڈیا کو دیگر ارکان کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے ۔ ترمیمی بل میں یہ گنجائش بھی فراہم کی گئی ہے کہ سی بی آئی کے ڈائرکٹر کے تقرر کو صرف اس وجہ سے غیر قانونی قرار نہیں دیاجسکتا کہ کمیٹی کا کوئی رکن موجود نہیں تھا یا اس کا تقرر نہیں کیا گیا ۔ کانگریس نے سلکشن کمیٹی کے لئے تینوں ارکان کی موجودگی کی ضرورت سے متعلق شق کو ختم کرنے پر سخت اعتراض کیاتھا اور اس احساس کا اظہار کیا تھا کہ اس کا مقصد اس انتخابی عمل سے باہر رکھنا ہے ۔ لوک سبھا میں کانگریس قائد ملک ارجن کھرگے نے اس اقدام کو ایک دودھاری تلوار اور بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بل کا مقصد سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کو دور رکھنا ہے ۔ مرکزی مملکتی وزیر پرسونل جتیندر سنگھ نے اس بل کو غوروخوض کے لئے پیش کرتے ہوئے زور دے کر کہا کہ اس کا کوئی ناپاک مقصد نہیں ہے اور اس ترمیم کا واحد مقصد سی بی آئی ڈائرکٹر کے تقرر کے عمل کو سہل بنانا ہے ۔

Parliament passes bill amending CBI chief selection process

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں