حیدرآباد ایرپورٹ ٹرمنل تنازعہ - راجیہ سبھا میں دوسرے دن بھی ہنگامہ آرائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-27

حیدرآباد ایرپورٹ ٹرمنل تنازعہ - راجیہ سبھا میں دوسرے دن بھی ہنگامہ آرائی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمینل کو تلگو دیشم پارٹی کے بانی این ٹی راما راؤ کے نام سے موسوم کرنے کے مسئلہ پر کانگریس پارٹی کے ارکان نے آج مسلسل دوسرے دن راجیہ سبھا میں ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے کارروائی میں رکاوٹ ڈال دی ۔ ارکان کا مطالبہ ہے کہ حکومت اپنا فیصلہ واپس لے اور ایر پورٹ کے دونوں ٹرمنلس کو راجیو گاندھی کا نام دے ۔ حکومت نے تاہم یہ مطالبہ مسترد کردیا ہے۔ کانگریس ارکان کا الزام ہے کہ مرکزی وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو، نچلے سطح کی حرکتوں میں ملوث ہوکر ایسے اقدامات کررہے ہیں ۔ آج راجہ سبھا میں جیسے ہی کارروائی کا آگاز ہوا ، کانگریس رکن آنند بھاسکر نے یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی بھی این ٹی آر کا اتنا ہی احترام کرتی ہے جتنا کہ دوسرے کرتے ہیں لیکن حکومت کو چاہئے کہ شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ کا نام راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ ہی برقرار رکھے۔ سطحی قسم کی حرکتوں سے سوائے مخاصمت کے اور کسی چیز کو جلا حاصل نہیں ہوگی ۔ وقفہ صفر اور وقفہ سوالات کے دوران بھی کانگریس ارکان قابل لحاظ تعداد نے ایوان کے وسط میں پہنچ کر احتجاج کیا ۔ وقفہ سوالات آج مسلسل دوسرے دن احتجاج کی نذر ہوگیا کیونکہ کارروائی کو تین مرتبہ وقفہ وقفہ سے ملتوی کرنا پرا۔ لنچ سے قبل ہی صدر نشین نے کارروائی تین مرتبہ ملتوی کی اور پھر اس کے بعد کانگریس ارکان نے زبردست شوروغل مچایا۔ صدر نشین حامد انصاری نے احتجاجی ارکان سے بار بار اپیل کی کہ وقفہ سوالات منعقد کرنے میں تعاون کریں تاہم ارکان پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا ۔ وہ پلے کارڈس لہراتے ہوئے نعرے بازی کرتے رہے ۔ کانگریس ارکان کے احتجاج پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے جو قائد ایوان ہیں کہا کہ راجیو گاندھی کا نام برقرار رہے ، کانگریس ارکان این ٹی آر کا نام ہٹانے کا مطالبہ کررہے ہیں جو ڈومیسٹک ٹرمینل کو دیا گیا ہے ۔ یہ مطالبہ قابل قبول نہیں ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایر پورٹ کے انٹر نیشنل ٹرمینل کانام راجیو گاندھی کے نام پر ہی برقرار رہے جب کہ ڈومیسٹک ٹرمینل کو بہت پہلے ہی این ٹی آر سے موسوم کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ راجیو گاندھی اور این ٹی راما راؤ دونوں ہی قابل احترام قائدین ہیں اور حکومت میں کوئی بھی ان کی بے ادبی کا خواہاں نہیں ہے۔مرکزی وزیر ہوا بازی ایوان میں موجود ہیں اور وہ سلسلہ وار واقعات کی تفصیل بیان کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ انٹر نیشنل ایر پورٹ کا نام راجیو گاندھی سے موسوم کیا گیا تھا ۔ اور یہ برقرار ہے ۔ اس کے برعکس ڈومیسٹک ایر پورٹ کانام این ٹی آر سے موسوم کیا گیا تھا ۔ اسے اب بحال کردیا گیا ہے ۔ وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو نے بتایا کہ ریکارڈ سیدھا سادھا ہے اور حیدرآباد ایر پورٹ کا نام جو راجیو گاندھی کے نام پر رکھا گیا تھا اسے تبدیل نہیں کیا گیا ۔ اسی دوران مرکزی وزیر کامرس نرملا سیتا رمن نے راجیہ سبھا میں کانگریس ارکان کی ہنگامہ آرائی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکز نے این ٹی راما راؤ کا نام بحال کیا ہے۔ جسے کانگریس حکومت نے برخواست کردیا تھا۔انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤز کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایر پورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمینل کا نام جو این ٹی آر کے نام پر رکھا گیا تھا، کانگریس نے اس وقت ترک کردیا جب ایر پورٹ ، بیگم پیٹ سے شمس آباد منتقل کیا گیا ،ہم نے صرف ان کانام بحال کیا ہے ۔ راجیو گاندھی کا نام ہٹانے کے الزامات اور اس تنازعہ سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایر پورٹ کے انٹر نیشنل ٹرمینل کا نام راجیو گاندھی کے نام پر برقرار رہے گا۔

Congress again disrupts Rajya Sabha over Hyderabad airport

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں