ہندوستان میں سرمایہ کاری - عرب ممالک کے سرکاری اور خانگی شعبوں کو دعوت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-27

ہندوستان میں سرمایہ کاری - عرب ممالک کے سرکاری اور خانگی شعبوں کو دعوت

نئی دہلی
آئی اے این ایس
ہندوستان نے آج22رکنی عرب لیگ کے ممالک کو ہندوستان میں بالخصوص انفراسٹرکچر کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے’’میک ان انڈیا‘‘ پروگرام سے بھی فائدہ اٹھانے کی اپیل کی۔ وزیر تجارت نرملا سیتا رمن نے آج یہاں چوتھی ہند۔ عرب پارٹنر شپ کانفرنس کے افتتاح سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’ہم آپ کی (عرب ممالک کی) سرکاری اور عوامی شعبہ کی کمپنیوں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں ۔‘‘ ہندوستان کی ترقی کی تاریخ عرب لیگ جیسے دوستوں کی شرکت کے بغیرنامکمل رہے گی ۔‘‘وزیر تجارت نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ دونوں فریقین کے تاجرین اشتراک کے لئے متعدد مواقع سر گرمی سے تلاش کررہے ہیں۔ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ’’ ہماری تجارت کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارا باہمی معاشی انحصار بن رہا ہے ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کے ساتھ ہندوستان کی باہمی تجارت2013-14میں185بلین ڈالر تک پہنچ گئی جو2010-11کی باہمی تجارت کے مقابلہ میں تقریباً25فیصد اضافہ ہے ۔ نرملا سیتا رمن نے عالمی سطح پر ہند۔ عرب اشتراک کی متعدد ٹھوس مثالیں بھی پیش کیں ۔ ہندوستان، اردن سے فاسفیٹک اشیاء کا سب سے بڑآ درآمد کنندہ ہے ۔ انڈین فارمرس اینڈ فرٹیلائزرس کارپوریشن اور اردن فاسفیٹ مائنس کمپنی کے درمیان800ملین ڈالر کا ایک پراجکٹ ، رسمی افتتاح کے لئے تیار ہے ۔ نرملا سیتا رمن نے مزید کہا کہ عمان۔ انڈیا فرٹیلائزر کمپنی پراجکٹ ہندوستان کو یوریا کی سربراہی کو یقینی بنانے کا ایک تاریخی پراجکٹ ہے ۔ یہ ایک مشترکہ وینچر ہے جو 2ہندوستانی فرٹیلائزر کو آپریٹیوز اور عمان آئیل کمپنی نے قائم کیا ہے ۔
یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ کانفرنس کا اہتمام فیڈریشن آف انڈین چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فکی) نے وزارت خارجہ اور لیگ عرب اسٹیٹس کے تعاون سے کیا ہے۔ سعودی عرب کے وزیر تجارت توفیق فوزان العربیہ نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ پی ٹی آئی کے بموجب ہندوستان نے انفراسٹرکچر اورریلویز میں عرب علاقہ کی سرکاری اور خانگی کمپنیوں سے سرمایہ کاری کی خواہش کی ہے ۔ نرملا ستیا رمن نے چوتھی ہند۔ عرب پارٹنر شپ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفراسٹرکچر پراجکٹس بشمول دہلی، ممبئی انڈسٹریل کاریڈار اور امرتسر ۔ دہلی، کولکتہ انڈسٹریل کاریڈار میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے عظیم مواقع ہیں ۔ نرملا ستیا رمن نے بتایا کہ ہندوستان کی پالیسیاں شفاف اور مستحکم ہیں ۔ اس طرح اندرون ملک اوربیرون ملک دونوں سرمایہ کاروں کے لئے مساویانہ مواقع حاصل ہیں ۔

India seeks investments from Arab region in infrastructure sector

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں