پاکستانی وزیر اعظم اسکولی نصاب پر نظر ثانی کے خواہاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-01

پاکستانی وزیر اعظم اسکولی نصاب پر نظر ثانی کے خواہاں

اسلام آباد
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نواز شریف نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اسکول ، کالج اور یونیورسٹیوں کے نصاب میں ضروری تبدیلیاں کریں تاکہ نصاب میں آئین پسندی اور جمہوری اقدار کو شامل کیاجاسکے ، کیوں کہ ملک پر تاریخ کے نصف سے زائد حصے تک فوجی حکمرانی رہی۔ وزیر اعظم نے اعلیٰ تعلیم کمیشن( ایچ ای سی) سے کہا کہ تمام اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے لازمی مضامین جیسے پاکستان اسٹڈیز، انگریزی اور اردو میں ترامیم کریں ۔ شریف کے دفتر نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کو صوبوں سے مشاورت کا آغاز کردینا چاہئے تاکہ آئندہ دو ماہ میں حتمی تبدیلیوں کے لئے ان کی منظوری حاصل کی جاسکے ۔ شریف نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور ناشرین کی حمایت کو یقینی بنایاجائے ۔ مجوزہ ترامیم میں ایسے اسباق شامل کئے جائیں جن کا مقصد آئینی جمہوریت کی ستائش اور فروغ اور قومی اور بین الاقوامی تناظر میں تکثیریت کے اوصاف کو اجاگر کرنا ہو ۔ نیا نصاب طلبہ کی تعلیمی بنیاد کو مستحکم کرے گا تاکہ آئینی جمہوریت کے تعلق سے پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ ہوسکے ۔ علاوہ ازیں یہ جوابدہی کے اداروں جیسے عدلیہ، میدیا ، اظہار کی آزادی ، حق معلومات اور انتخابات کی ستائش میں اضافہ میں بھی معاون ہوگا ۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کا موجودہ تعلیمی نظام سابق آمر محمد ضیاء الحق کی جانب سے متعارف کرائی گئی تبدیلیوں سے بہت زیادہ متاثر ہے جو اپنی فوجی حکمرانی کے لئے دائیں بازو حمایت قائم کرنا چاہتے تھے ۔

Pak PM Sharif seeks revision of syllabus to instill democratic values

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں