مودی کابینہ میں آٹھ ریاستوں کی کوئی نمائندگی نہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-11

مودی کابینہ میں آٹھ ریاستوں کی کوئی نمائندگی نہیں

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے کل اپنی کابینہ میں ہونے والی توسیع میں علاقائی توازن بنانے کی بھرپور کوشش کی ہے لیکن اب بھی آٹھ ریاستوں کو کابینہ میں کوئی جگہ نہیں ملی ہے ، جن میں اترا کھنڈ اور کیرالا جیسی اہم ریاستیں شامل ہیں ۔ مودی کی وزارتی کونسل میں مسٹر جے پی نڈا کو شامل کے جانے سے ہماچل پردیش کی نمائندگی ہوگئی ہے، مگر اترا کھنڈ اور کیرالہ کے ساتھ ہی شمال مشرقی ریاستوں منی پور ، میگھالیہ ، تری پورہ ، ناگا لینڈ ، میزورم اور سکم کو کوئی جگہ نہیں ملی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کیرالہ کی کسی سیٹ پر فتح حاصل نہیں ہوئی تھی ۔ پارلیمانی انتخابات میں ریاست کی پانچوں سیٹوں پر بی جے پی کی جیت ہونے کے باوجود اترا کھنڈ کو مودی کابینہ کی توسیع میں بھی کوئی جگہ نہیں ملی ۔ عام انتخابات کے بعد ریاستی اسمبلی کی تین سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو کوئی سیٹ نہیں ملی تھی اور اس سے ریاست میں کانگریس کی اقلیتی سرکار اکثریت میں آگئی تھی ۔ مرکزی کابینہ کی پہلی توسیع میں21وزراء کو شامل کرنے کے بعد وزارتی کونسل کے ممبران کی کل تعداد66ہوگئی ہے ۔ اس توسیع میں کچھ وزراء کے محکموں کو بھی بدلا گیا اور بعض سینئر لیڈروں کووزیر مملکت کا درجہ دیا گیا ہے۔ مودی کابینہ میں خواتین کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے ۔
خیال کیا جارہا ہے کہ کابینہ کی توسیع میں ان ریاستوں کو اہمیت دی گئی ہے جہاں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ بہار میں2015ء ، اتر پردیش میں2017ء اور مغربی بنگال میں2016ء کو اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ کل کی توسیع کے بعد اتر پردیش اور بہار سے تعلق رکھنے والے وزیروں کی تعداد21ہوگئی ہے ۔ صرف اتر پردیش سے13نمائندوں کو وزیر بنایا گیا ہے ۔ مودی کابینہ میں دہلی کے مقابلے میں قومی راجدھانی خطہ(این سی آر) کا دبدبہ بڑھا ہے ۔ غازی آباد سے رکن پارلیمنٹ سابق جنرل وی کے سنگھ ، فرید آباد سے کرشن پال گرجر اور گڑ گاؤں سے راؤ اندر جیت سنگھ کے بعد اب نوئیڈا ، گوتم بدھ نگر سے رکن پارلیمنٹ ، ڈاکٹر مہیش شرما کو مرکزی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے ۔ دہلی کی سات سیٹوں بی جے پی کا قبضہ ہے، مگر یہاں کے صرف ایک رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ہرش وردھن مودی کابینہ کا حصہ بن سکے ہیں۔ مسٹر نریندر مودی کی کابینہ میں اتر پردیش سے13لیڈروں کو وزیر بنا گیا ہے ۔ جب کہ بہار سے آٹھ ، مہاراشٹرا سے چھ ، گجرات اور مدھیہ پردیش سے پانچ پانچ، کرناٹک سے چار، آندھرا پردیش ،ہریانہ اور راجستھان سے تین تین ، گوا، جھار کھنڈ اور پنجاب سے دو نمائندوں کو وزارتی گروپ میں جگہ دی گئی ہے ۔ ارونا چل پردیش ، آسام، چھتیس گڑھ ، جموں و کشمیر ، ہماچل پردیش ، اڈیشہ ، ٹمل ناڈو ، مغربی بنگال ، تلنگانہ اور دہلی سے ایک نمائندے کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے ۔ شمال مشرقی خطے کی پانچ ریاستوں کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ کابینہ کی توسیع میں شمال مشرق کی کسی بھی ریاست کو نمائندگی نہیں دی گئی ہے ۔ آسام اور ارونا چل پردیش کو کابینہ کی تشکیل کے وقت ہی جگہ مل گئی تھی۔ ترقی پسند اتحاد(یو پی اے) حکومت میں جنوب کی ریاستوں کے وزیروں کی تعداد27تھی ، جب کہ قومی جمہوری محاذ(این ڈی اے) حکومت کی کابینہ میں ان ریاستوں سے صرف سات لیڈروں کو شامل کیا گیا ہے ۔

PM Modi's Cabinet Expansion, No Representation for 8 States

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں