تلنگانہ ضلع نلگنڈہ کے منو گوڑہ سے واٹر گرڈ پراجکٹ کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-27

تلنگانہ ضلع نلگنڈہ کے منو گوڑہ سے واٹر گرڈ پراجکٹ کا آغاز

حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دسمبر میں ضلع نلگنڈہ کے منو گوڑہ میں واٹر گرڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ ریاست تلنگانہ کے دس اضلاع کے تمام مکانات کومحفوظ پینے کے پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے گجرات کے واٹر گرڈ کے خطوط پر تلنگانہ میں بھی واٹر گرڈ قائم کئے جائیں گے ۔ جس کے لئے جنگی پیمانہ پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیر پنچایت راج کے ٹی راما راؤ نے واٹر گرڈ کارپویشن کے قیام کا کام ایک ہفتہ میں مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوری کے اوائل میں واٹر گرڈ کے ٹنڈر کے عمل کو مکمل کرلیاجائے اور فروری کے دوسرے ہفتہ میں واٹر گرڈ کی تعمیر کا کام شروع کردیاجائے ۔تلنگانہ کی حکومت اس باوقار پراجکٹ کے لئے تیزی سے اقدامات کررہی ہے ۔ کے ٹی راما راؤ نے دیگر محکمہ جات میں ڈیپو ٹیشن پر خدمات انجام دینے والے محکمہ دیہی سربراہی آب کے عہدیداروں کے ڈیپو ٹیشن کو ختم کرنے اور واٹر گرڈ کارپوریشن کے قیام کے کام ایک ہفتہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ واٹر گرڈ کے کام کے سلسلہ میں عہدیداروں کو حکومت کی طرف سے گاڑیاں اورلیاپ ٹاپ دئیے جائیں گے ۔ ساتھ ہی حکومت نے محکمہ دیہی سربراہی آب میں مخلوعہ592جائیداروں پر ملازمین کی بھرتی کو بھی ہری جھندی دکھادی ہے۔ واٹر گرڈ کی تعمیر کے لئے حصول اراضی کے سلسلہ میں اندرون دو تا تین دن فیصلہ کیاجائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں