سیاسی قائدین کو مخالفین کے متعلق مخاصمت نہیں رکھنی چاہئے - راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-15

سیاسی قائدین کو مخالفین کے متعلق مخاصمت نہیں رکھنی چاہئے - راج ناتھ سنگھ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج نائب صدر کانگریس راہول گاندھی پر جوابی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی لیڈر کو اپنے سیاسی مخالفین کے تعلق سے مخاصمت نہیں رکھنی چاہئے ، اور سیاسی جماعتیں ، عوام کے ذہنوں میں خوف کا احساس پیدا کرنے کی کوشش نہ کریں ۔ پنڈت نہرو کے125ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم اپنے نظریاتی مخالفین کے تعلق سے کوئی دشمنی نہیں رکھتے تھے ۔ حتی کہ انہوں نے (نہرو نے)1963میں یوم جمہوریہ کی پریڈ میں حصہ لینے آر ایس ایس کو تک مدعو کیا تھا ۔’’ہمیں اپنے سیاسی مخالفین کے تعلق سے کبھی کوئی بغض نہیں رکھنا چاہئے اور نہ غیر ضروری بیان دیتے ہوئے احساس خوف پیدا کرنا چاہئے۔ ہمیں تو عوام میں اعتماد پید اکرنا چاہئے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اس مقصد کے لئے کام کرنا چاہئے ۔‘‘ تقریب کے بعد جب وزیر داخلہ سے پوچھا گیا کہ انہوں نے بیان کیوں دیا تو انہوں نے نائب صدر کانگریس کے اس مماثل بیان کا حوالہ دیا جو راہول گاندھی نے کل دیا تھا۔ راہول نے کہا تھا کہ ’’برہم لوگ‘‘ آج کل ملک چلارہے ہیں۔ راہول نے وزیر اعظم نریند رمودی پرتنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ’’سوچھ بھارت ابھیان‘‘ فوٹو کھنچوانے کا ایک موقع ہے ۔‘‘راہل نے مزید کہا تھا کہ ان دنوں محبت و اخوات کی بنیادوں کو ڈھایاجارہا ہے ۔ ایک طرف تو مکانات پر پینٹ کیاجارہا ہے اور سڑکیں صاف کی جارہی ہیں، فوٹو کھنچوائے جارہے ہیں دوسری جانب زہر پھیلایاجارہا ہے اور بنیاد وں ہی کو کمزور کیاجارہا ہے ۔ اسی دوران وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ملک میں ایسے کئی لوگ ہیں جو یہ سمجھتے ہیں کہ بس ایک ہی خاندان کے لوگ اس ملک پر حکومت کرسکتے ہیں لیکن ہندوستانی جمہوریت کی عظمت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ ایک چائے بیچنے والا بھی وزیر اعظم بن سکتا ہے ۔ ہندستان پر تنگ ذہنی کے ساتھ حکومت نہیں کی جاسکتی ۔ نہرو ، اس حقیقت کو پوری طرح سمجھتے تھے ۔ وہ اپنے سیاسی مخالفین سے کوئی دشمنی نہیں رکھتے تھے نہرو کو ہندوستانی جمہوریت پر یقین تھا ۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے سیاسی مخالفین بھی انہیں پسند کرتے تھے۔‘‘ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کوآزادی حاصل ہونے کے چند سال بعد وہ نہرو تھے جنہوں نے اپنی کئی پالیسیوں کے تعلق سے آر ایس ایس کے شدید تحفظات ذہنی کے باوجود آر ایس ایس کو غذائی مہم میں شریک کیا تھا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نظریات پر اختلاف رائے ہوسکتا ہے لیکن کوئی بھی شخص ملک کی بہبود کے لئے نہرو کے خلوص نیت پر سوال نہیں اٹھا سکتا۔

Leaders should not have animosity for political opponents: Rajnath Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں