ہندوستان اور نیپال کے درمیان 10 معاہدوں پر دستخط - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-26

ہندوستان اور نیپال کے درمیان 10 معاہدوں پر دستخط

کھٹمنڈو
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریند رمودی نے آج اپنے نیپالی ہم منصب سشیل کوئرالہ کے ساتھ کئی اہم مسائل پر بات چیت کی جس کے بعد نیپال کے لئے ایک بلین ڈالر کی امداد کے بشمول دس معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ دفاع و سلامتی کے بشمول کئی مسائل پر مودی اور کوئرالہ کے درمیان بات چیت ہوئی جو چالیس منٹ جاری رہی۔ مودی نے باہمی تعلقات کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم ایک دوسرے پر اعتماد کرتے ہیں تو ہم تیزی سے آگے بڑھ سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ25سال تک جو پراجکٹس تعطل کا شکار تھے ان میں پیشرفت ہورہی ہے ۔ میں بہت مطمئن ہوں۔ انہوں نے کھٹمنڈو کے بیر ہاسپٹل میں ہندوستان کی جانب سے تعمیر کردہ ٹرامی سنٹر کے افتتاح کے بعد یہ بات کہی ۔ دونوں لیڈرس کے درمیان بات چیت کے بعد نیپال میں انفراسٹرکچر کے فروغ کے لئے ایک بلین ڈالر کی ہندوستانی امداد کی شرائط کو قطعیت دی گئی۔ مودی نے اگست میں اپنے دورے کے دوران اس امداد کا اعلان کیا تھا ۔ مشترکہ بدھ وراثت کی علامت کے طو رپر مودی نے لارڈبدھا کے مقام پیدائش لمبی میں اگانے کے لئے مقدس بد ھ ٹری کا پورا تحفہ میں دیا۔
مودی نے نیپال کے حکمراں اور اپوزیشن جماعتوں کے سینئر قائدین سے ملاقات کی اور ملک کے نئے دستور کی جلد سے جلد تدوین پر زور دیا اور کہا کہا گر ملک ایسا کرنے میں ناکام رہا تو مشکلات سے دوچار ہوسکتا ہے ۔ اس دوران ہندوستان سے نیپال کے لئے پہلی بس سرویس کا آج افتتاح عمل میں آیا جس سے دونوں ملکوں کے مسافرین کوسفر کا متبادل ذریعہ فراہم ہوگا۔ حکومت نے دوسرے سارک ممالک کے لئے بھی ایسی ہی خدمات شروع کرنے کا وعدہ کیاہے۔ وزیرٹرانسپورٹ وہائی ویز نتن گڈ کری نے ایک ایسے وقت اس بس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جب وزیر اعظم نریندر مودی اٹھارویں سارک چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے کھٹمنڈو کا دورہ کررہے ہیں۔ کھٹمنڈو میں وزیر اعظم مودی اور ان کے نیپال ہم منصب نے بھی کھٹمنڈو۔دہلی بس سرویس کا افتتاح کیا جسے پشوپتی اکسپریس کا نام دیا گیا ہے ۔ بس کو جھنڈی دکھانے سے پہلے دونوں وزرائے اعظم بس میں داخل ہوئے اور بس کے مسافرین کے ساتھ بات چیت کی جسے غباروں، پھولوں وغیرہ سے سجایا گیا تھا۔

PM Narendra Modi signs 10 agreements with Nepal, inaugurates bus service

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں