کالا دھن مسئلہ پر لوک سبھا میں ہنگامہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-26

کالا دھن مسئلہ پر لوک سبھا میں ہنگامہ

نئی دہلی
آئی اے این ایس
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے اولین یوم کار پر آج سیاہ دھن کے مسئلہ پر لوک سبھا میں زبردست ہنگامہ برپا ہوا ۔ کئی اپوزیشن جماعتوں نے سیاہ دھن کے مسئلہ پر حکومت کو گھیرنے کی کوشش کی۔ جیسے ہی اجلاس کا آغاز ہوا ترنمنول کانگریس کے ارکان، اسپیکر کے شہ نشین کے قریب پہنچ گئے ۔ یہ ارکان سیاہ چھتریاں لئے ہوئے تھے اور سیاہ دھن کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ جنتادل یو ، کانگریس ، آر جے ڈی اور سماج وادی پارٹی ارکان بھی ان کے ساتھ ہوگئے اور وزیر اعظم نریندر مودی سے جواب کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگائے ۔ ان ارکان نے پوچھا کہ سیاہ دھن آخر ملک کو کب واپس لایا جائے گا۔ جب اسپیکر سمتر ا مہاجن نے ارکان کے اس طریقہ کار سے اتفاق نہیں کیا تو یہ ارکان سیاہ چھتریوں کے ساتھ اسپیکر کے شہ نشین کے قریب پہنچ گئے ۔ ان پرچموں پر’’کالا دھن واپس لاؤ‘‘ کے نعرے درج تھے ۔ گڑ بڑ کے سبب اسپیکر کو اجلاس دوپہر تک ملتوی کرنے پر مجبور ہونا پڑا ۔ جب اجلاس دوپہر میں دوبارہ شروع ہوا تو گڑ بڑ کے بیچ ہی متعلقہ امور انجام دئیے گئے۔ اپوزیشن ارکان نعرے لگاتے رہے ۔ فوری اور عوامی اہمیت کے حامل امور سے متعلق کاغذات پیش کئے گئے۔ ٹی ایم سی ارکان کو راجیہ سبھا میں بھی نعرے لگاتے دیکھا گیا ۔ سیاہ دھن مسئلہ پر ایوان بالا میں بحث کے لئے وقفہ سوالات کو معطل کر نے کی ایک نوٹس بھی دی گئی تھی ۔ قبل ازیں ٹی ایم سی ارکان کو پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کرتے دیکھا گیا ۔ ایس پی، جنتادل یو ، اور آر جے ڈی قائدین نے ٹی ایم سی ارکان کا ساتھ دیا ۔ ترنمول کانگریس کے ایک لیڈر سکھیندوشیکھر نے بتایا کہ’’مودی حکومت نے100دنوں میں سیاہ دھن واپس لانے کا وعدہ کیا تھا ۔ اب تقریباً200دن ختم ہورہے ہیں ۔ اب حکومت کو جواب دینا چاہئے ۔‘‘
جنتادل یو لیڈر کے سی تیاگی نے کہا کہ’’ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں سیاہ دھن ، ایک اہم انتخابی موضوع رہا تھا جس پر بی جے پی نے کامیابی حاصل کی لیکن حکومت نے اقتدار پر آنے کے بعد سے اس سلسلہ میں کچھ بھی نہیں کیا ۔ ہم اس مسئلہ پر تفصیلی بحث چاہتے ہیں ۔‘‘یہاں یہ بات بھی بتا دی جائے کہ تیاگی نے ہی اپنی پارٹی کی طرف سے راجیہ سبھا میں مسئلہ پر بحث کے لئے صدر نشین ایوان حامد انصاری کو نوٹس دی تھی ۔ یو این آئی کے بموجب پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوسرے دن سیاہ دھن کے مسئلہ پر لوک سبھا میں اپوزیشن کانگریس اور ترنمول کانگریس(ایک طرف) اور دوسری طرف حکومت کے درمیان وقفہ وقفہ سے تصادم کی نوبت آگئی ۔ اپوزیشن ارکان نے مذکورہ مسئلہ پر بحث کے لئے وقفہ سوالات فوری معطل کرنے کا مطالبہ کیا جب کہ حکمران جماعت کے ارکان نے اس کو یکلخت مسترد کردیا ۔ حکومت، دہلی اسپیشل پولیس اسٹابلشمنٹ(ترمیمی) بل2014ء کو رائے دہی کے لئے پیش کرنا چاہتی تھی ۔ اپوزیشن کی گڑ بڑ کے سبب ایسا نہیں ہوسکا ۔ یہ بل وزیر اعظم کے دفتر کے منسٹر آف اسٹیٹ جتیندر سنگھ نے پیش کیا ۔ بحث شروع ہوئی جو کل بھی جاری رہے گی ۔ ایوان میں کانگریسی قائد ملکار جن کھرگے اور ترنمول کانگریس کے لیڈر سدیپ بنڈو پادھیائے نے کہا کہ مذکورہ بل ایک اہم مسئلہ سے متعلق ہے اس لئے اس کو جلد بازی میں منظور نہیں کیاجانا چاہئے ۔

Black money issue rocks Parliament again

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں