داعش کے قائد ابوبکر البغدادی کے زخمی ہونے کی توثیق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-11

داعش کے قائد ابوبکر البغدادی کے زخمی ہونے کی توثیق

بغداد
آئی اے این ایس
عراقی وزارت داخلہ نے داعش کے اعلیٰ قائد ابو بکر البغدادی کے زخمی ہونے کی توثیق کردی ہے ۔ سرکاری نیوز چیانل عراقیہ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ایک فضائی حملے میں جہادی گروپ کے کئی دیگر سینئر قائدین ہلاک بھی ہوئے۔ قبل ازیں عراق کے شمالی صوبہ نینوا کے ایک سیکوریٹی عہدیدار نے بتایا کہ وہ اس اطلاع کی توثیق کے موقف میں نہیں ہیں ۔ انہوں نے تاہم یہ وضاحت کی کہ امریکہ زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد نے موصل شہر کے قریب گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ نینوا صوبائی کونسل کی سیکوریٹی کمیتی کے سربراہ محمد ابراہیم نے بتایا کہ ہم ابو بکر البغدادی کی ہلاکت یا ان کے زخمی ہونے کی اطلاع کی تصدیق کرنے کے موقف میں نہیں ، کیونکہ انٹلیجنس اطلاعات میں ہمیں بتایا گیا کہ موصل کے قریب جمعہ کی شب فضائی حملوں میں داعش کے45عسکریت پسند ہلاک ہوئے ۔، ابراہیم نے یہ بھی بتایا کہ داعش کے کم از کم دو سینئر قائدین مہلوکین میں شامل ہیں جو لیبیائی اور سعودی شہریت کے حامل تھے۔امریکہ زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد کی فضائی کارروائیوں میں متعدد مسلح گاڑیاں تباہ ہوگئیں ۔ علاوہ ازیں جہادی گروپ کے کئی ٹھکانے بھی اجڑ گئے ۔ ہفتہ کے روز سنٹرل کمانڈترجمان کرنل پیٹرک رائڈر نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس بات کی توثیق کرنے کے موقف میں نہیں کہ داعش قائد ابو بکر البغدادی دس مسلح ٹرکس پر مشتمل گاڑیوں کے قافلہ میں شامل تھے ،۔ ابوبکر البغدادی اپنے حامیوں میں امیر المومنین کے لقب سے مشہور ہیں جنہوں نے خود کو29جون2014ء کو دولت اسلامیہ کا خلیفہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ جہادی گروپ نے مغربی اور شمالی عراق کے بیشتر حصوں پر قبضہ کررکھا ہے ۔ 4اکتوبر2011ء کو امریکہ نے البغدادی کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے انہیں ہلاک یا گرفتار یا ان سے متعلق اطلاع فراہم کرنے والے دس ملین ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا ۔ القاعدہ کے موجودہ قائد ایمن الظواہری کے سر پر25ملین ڈالر کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے ۔

ISIS Leader Abu Bakr al-Baghdadi Injured in Air Strikes

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں