ملک میں انتہا پسندی کو روکنے حکومت کوشاں - وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-10

ملک میں انتہا پسندی کو روکنے حکومت کوشاں - وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ

تل ابیب
پی ٹی آئی
ہندوستان کو یقین ہے کہ اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے عسکریت پسند ہندوستان میں’’کوئی بڑا اثر‘‘ قائم نہیں کرسکیں گے اور حکومت نوجوانوں میں انتہا پسندی کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے یہ بات کہی ۔نوجوانوں کی بڑی تعداد کی دہشت گرد تنظیم آئی ایس میں شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے پی ٹی آئی کو اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم ہندوستان میں انتہا پسندی کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ۔ ملک میں آئی ایس کا کوئی اثر نہیں ہے ۔ تاہ دیگر ممالک اس سے متاثر ہیں ۔، اس کے علاوہ آئی ایس ہندوستان میں اثر انداز نہیں ہوسکے گا ۔ اسلامک اسٹیٹ کا گزشتہ ماہ جون سے عراق اور شام کے بڑے علاقوں پر کنٹرول ہوچکا ہے لیکن امریکہ کے زیر قیادت اتحادی ممالک کی جانب سے گزشتہ اگست سے اسلامک اسٹیٹ پر ہوائی حملے بھی کیے جارہے ہیں ۔ راج ناتھ سنگھ نے بر صغیر ہندوستان میں جہاد کو فروغ دینے کے لئے القاعدہ کی شاخوں کے قیام کے امکان کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ القاعدہ کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ لیکن ایشیا ء کو نشانہ بنانے کے تعلق سے کوئی اطلاع ابھی تک نہیں ملی ہے ۔ راج ناتھ سنگھ دہشت گردی سے مقابلہ کرنے اور سائبر سیکوریٹی میں ہند۔ اسرائیل تعاون کو فروغ دینے کے لئے یہاں آئے ہوئے ہیں۔ القاعدہ کے لیڈر ایمن الظواہری نے ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ بین الاقوامی اسلامی انتہا پسند تحریک کی جانب سے بر صغیر ہندوستان کو نشانہ بنانے کے لئے یہ تنظیم قائم کی گئی ہے ۔
سی پی آئی (ماؤ نواز) انڈین مجاہدین یا بیرونی دہشت گرد گروپ یا القاعدہ یا لشکر طیبہ سے ہندوستان کو لاحق سب سے بڑے امکانی خطرہ کے بارے میں راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم خطروں کو بڑے یا چھوٹے میں تقسیم نہیں کرتے ۔ خطرات بہر حال خطرات ہوتے ہیں ۔ ہماری تمام سیکوریٹی ایجنسیاں اور انٹلیجنس ادارے مسلسل خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں ۔ انہوں نے میڈیا کی ان اطلاعات کو بھی مسترد کردیا کہ دہشت گرد وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ہمارے پاس کوئی اطلاعات نہیں ہیں، لیکن دہشت گرد سرگرمیوں کے تعلق سے کوئی بھی پیش قیاسی نہیں کی جاسکتی ۔ وزیر اعظم پر حملہ کے منصوبوں کے تعلق سے ہمارے پاس کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔ حالیہ عرصہ کے دوران دہشت گرد تنظیم انڈین مجاہدین کے بم سازوں وقاص عرف جاوید کی دیگر تین شتبہ افراد کے ساتھ گرفتاری عمل میں آئی تھی ۔ اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے انتخابی ریالیوں میں مودی پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔ افغانستان سے امریکی فوجوں کی دستبرداری کے بعد علاقہ میں سیکوریٹی کے تعلق سے ایک سوال پر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم نے اس قسم کے چیلنجوں سے نمٹنے کی تیاری کی ہے ۔

Govt trying its best to prevent radicalisation: Rajnath

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں