گوا بی جے پی میں بغاوت کے آثار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-08

گوا بی جے پی میں بغاوت کے آثار

پاناجی
پی ٹی آئی
گوا بی جے پی میں چیف منسٹر کے عہدہ کو لے کر بڑھتی ہوئی بے چینی بغاوت میں تبدیل ہوتی نظر آرہی ہے جب کہ عہدہ کے سب سے بڑے دعویدار ڈپٹی چیف منسٹر فرانس ڈیسوزا نے یہ کہتے ہوئے خود کو دوڑ میں شامل کرلیا کہ چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے وہ سب سے زیادہ اہل ہیں ۔ انہوں نے یہ بات ایسے وقت کہی جب کہ ریاستی وزیر صحت لکشمی کانت پارسیکر اس عہدہ کے لئے منوہر پاریکر کے جانشین کی حیثیت سے ایک اہم امیدوار کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ۔ گوا میں بی جے پی کے عیسائی نمائندہ ڈیسوزا نے بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد ایر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا’’میں چیف منسٹر کے عہدہ کی صلاحیت رکھتا ہوں ، میں کسی جونیر کا ماتحت نہیں بنوں گا۔‘‘ ڈیسوزا نے کہا کہ اگر انہیں چیف منسٹر نہیں بنایا گیا تو کل وہ حلف نہیں لیں گے ، مستقبل میں وہ کیا قدم اٹھائیں گے اس کا فیصلہ کل کی صورتحال کے بعد ہی کریں گے ۔ منوہر پاریکر کو مرکزی کابینہ میں وزیر دفاع کی حیثیت سے شامل کئے جانے کے اشارے ملنے کے بعد سے ہی ڈیسوزا اور پارسیکر کے علاوہ اسپیکر اسمبلی راجیندر آر لیکر کے نام ان کے جانشین کی حیثیت سے گشت کررہے ہیں تاہم ڈپٹی چیف منسٹر کے پر زور دعویٰ سے کل بی جے پی مقننہ پارٹی کے اجلاس میں نئے لیڈر کا انتخاب دشواری کا شکار بن سکتا ہے ۔
ڈیسوزا نے قبل ازیں دن میں ایک ٹی وی چیانل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں چیف منسٹر کا عہدہ نہیں دیا گیا تو وہ اقلیتی طبقہ سے بی جے پی کے ووٹوں پر اس کا منفی اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ریاست میں اقلیتیں بی جے پی کو کانگریس کے متبادل کی حیثیت سے دیکھتی ہیں۔ اگر اقلیتی امیدوار کو نظر انداز کردیا گیا تو ان میں یہ احساس پیدا ہوسکتا ہے ۔ یہ ان کا احساس نہیں بلکہ ان کے حامیوں سے ملنے والا رد عمل ہے جس کا وہ اظہار کررہے ہیں۔ گوا میں بی جے پی کی دشواریوں میں اضافہ کرتے ہوئے بشنو واگھ ، کیرن کنڈولکر ، کرلوس المیڈا، مائیکل لوبو اور گلین ٹکلو کے بشمول کئی بی جے پی ارکان اسمبلی نے ڈیسوزا کی تائید کی ہے ۔ وزیر صحت پارسیکر کو پارٹی ہائی کمان کی تائید سمجھی جاتی ہے تاہم موجودہ کابینی درجہ کے اعتبار سے پاریکر کے بعد ڈیسوزا کا نمبر ہے ۔ واگھ نے اس سلسلہ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ دیگر ارکان اسمبلی نے ڈیسوزا سے ملاقات کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ چیف منسٹر کے عہدہ کا دعویٰ پیش کردیں، پاریکر کے بعد وہ نمبر دو ہیں۔ چنانچہ جب نمبر ون ہٹ جائے گا تو اصولی طور پر نمبر دو ،نمبر ون کی جگہ پر ہوگا ۔ آپ نمبر چار یا پانچ کو پہلے نمبر پر نہیں لاسکتے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاریکر کی غیر موجودگی میں ڈیسوزا چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں ۔

Hectic Parleys in Goa to Bring Back BJP Rebels

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں