اندرا گاندھی کی برسی نظر انداز - مودی پر کانگریس کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-01

اندرا گاندھی کی برسی نظر انداز - مودی پر کانگریس کی تنقید

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
کانگریس نے آج سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی برسی کو نظر انداز کرنے کے لئے این ڈی اے حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کی ۔ حکومت نے اپنی تنگ نظری اور کوتاہی بینی کا مظاہرہ کیا ہے وہ اندرا جی کی قربانی اور ان کی گراں قدر خدمات ملک سے مٹا نہیں سکتے ۔ اے آئی سی سی ترجمان آنند شرما نے این ڈی اے حکومت کی جانب سے آج ملک کے مختلف حصوں میں اتحاد کی دوڑ کا اہتمام کرتے ہوئے ہندوستان کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کا یوم پیدائش منائے جانے کے بعدیہ بات کہی ۔ مرکز نے حال ہی میں مہاتما گاندھی اور سردار پٹیل کے سوا دیگر تمام آنجہانی قائدین کے یوم پیدائش یا برسی نا منانے کا فیصلہ کیا تھا ۔ حالانکہ مودی نے ہندوستان کے مرد آہن کو اپنا خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پٹیل چوک کو گئے اور تب تقریب منانے کے لئے اتحاد کی دوڑ کو جھنڈی دکھائی ۔ انہوں نے آنجہانی اندرا گاندھی کی سمادھی شکتی استھل کا دورہ نہیں کیا۔ گزشتہ دو دہوں میں یہ پہلی بار ہے کہ ملک کے وزیر اعظم نے شکتی استھل سے اپنے آپ کو ودر رکھا ۔ مسٹر شرما نے کہا کہ آنجہانی اندرا گاندھی نے ملک کے اتحاد اور استحکام کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ مسٹر شرما نے کہا کہ اندرا گاندھی کو آج ہی کے دن شہید کردیا گیا تھ ا۔ انہوں نے ہندستان کے اتحاد اور استحکام کے لئے کام کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اندراگاندھی نے سکم کو ہندوستان میں ضم کیا تھا۔ این ڈے اے کی جانب سے راشٹریہ ایکتا دیوس کے طور پر سردرا پٹیل کے یوم پیدائش منانے پر شرما نے الزام عائد کیا کہ مودی سردار پٹیل کی وراثت پر جبری قبضہ کیا ہے جو ایک کانگریسی قائد تھے ۔ سردار پٹیل کانگریس کے قائد تھے وہ ان کے ورثہ پر قبضہ کررہے ہیں ۔ ان کے پاس ان کے پارٹی میں کوئی اہم شخصیت نہیں ہے ۔مسٹر شرما نے کہا کہ نریندر مودی نے چیف منسٹر گجرات کے طور پر پہلے کتنی بار سردار پٹیل کا یوم پیدائش منایا تھا ۔
پی ٹی آئی کے بموجب کانگریس نے آج نریندر مودی حکومت کی جانب سے اندرا گاندھی کی برسی جس انداز سے منائی گئی اس کو مایوس کن اور کوتاہ ذہن قرار دیا ہے جب کہ برسر اقتدار بی جے پی کو حیرت ہورہی ہے کہ آیا وہ نہرو گاندھی خاندان کے ادراک کے توسط سے تاریخ دیکھنے کو ترجیح دے رہی ہے ۔ یہ کوتاہ ذہنی ہے۔ یہ یکطرفہ کارروائی ہے اور ان لوگوں کی بے عزتی ہے جنہوں نے اپنے ملک کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں خاص طور پر اندرا گاندھی جنہوں نے اس ملک کے اتحاد کے لئے اپنی جان کی قربانی دی ہے ۔ راجیہ سبھا میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر آنند شرما نے یہاں نامہ نگاروں سے یہ بات کہی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے یہ دکھائی دیتا ہے کہ مودی اور بی جے پی کیا ہیں ۔ مرکز آج سردار پٹیل کا یوم پیدائش منارہا ہے جو سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی برسی کے موقع پر منایاجارہا ہے ۔ آج یہاں سردار ولبھ بھائی پٹیل کا یوم پیدائش کے سلسلہ میں اتحاد کی مہم کے لئے دوڑ کو مودی کی جانب سے جھنڈی دکھائی گئی اور آن کا دن قومی یوم اتحاد کے طور پر منایاجارہا ہے ۔ شرما نے کہا کہ کانگریس کی زیر قیادت سابقہ یوپی اے حکومت کے برعکس جو میڈیا میں وسیع تشہیر اور تقریبات کے ساتھ اندرا گاندھی کی برسی منایا کرتی تھی اور نئی حکومت نے اس کی بجائے سر دار پٹیل کا یوم پیدائش منانے کو ترجیح دی ہے ۔ یہ تعجب خیز ہے کہ مودی نے اتحاد کے لئے دوڑ کو جھنڈی دکھائی ہے اور ہمارے وقتوں کی ایک عظیم قائد کی گراں قدر قربانی کا کوئی تذکرہ بھی نہیں کیاگیا۔ بی جے پی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹیل ایک کانگریسی تھے جو اس وقت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ تھے ۔ انہوں نے آر ایس ایس پر امتناع عائد کیاتھا ۔ جو بر سرا قتدار پارٹی کی نظریہ ساز ہے ۔ کانگریس قائدین کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کسی بھی لیڈر کی اہمیت کو نظر انداز کرنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا جب کہ زور دے کر کہا کہ سردار پٹیل تمام کے لئے ایک رول ماڈل ہونے چاہئیں۔ کسی لیڈر کو نظر انداز کرنے کا کوئی سوال نہیں ہے۔ ہر ایک لیڈر تاریخ میں اپنا مقام رکھتا ہے ۔ اس کی تردید کرنے کا کوئی سوال نہیں پیدا ہوتا لیکن سردار پٹیل ایک انتہائی اعلی قائد تھے جو ایک مجاہد آزادی بھی تھے۔
انہوں نے ہندوستان کو متحد کیا تھا جو تمام کے لئے رول ماڈل ہونے چاہئیں ۔ بی جے پی ترجمان نالن کوہلی نے کہا کہ مودی نے اندرا گاندھی کو یاد رکھا ہے اور ان کی برسی کے تعلق سے ٹوئٹر پر ایک پیام بھیجاہے اور انہوں نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ اسی مسئلہ کو سیاسی رنگ دے رہی ہے ۔ کانگریس مسلسل طور پر ایسے مسائل کو سیاسی رنگ دے رہی ہے اور یہ حقیقت ہے کہ وہ اپنے تعلق سے سوالات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آیا وہ اتحاد کے خلاف ہیں اور وہ نہرو گاندھی خاندان کے ادراک کے توسط سے ہر ایک کو تاریخ میں دیکھنے کو ترجیح دیتی ہے ۔ کانگریس لیڈر منیش تیواری نے کہا کہ یہ ہر ایک حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اندرا گاندھی کی قربانی کا احترام کرے اور اس سے کسی کا انکار اس کے فرض سے منہ پھیرنا ہوگا۔

Cong slams Modi for ignoring Indira's death anniversary

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں