قرآن نسخہ جلانے پر پاکستان میں عیسائی جوڑے کا قتل - 43 افراد گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-06

قرآن نسخہ جلانے پر پاکستان میں عیسائی جوڑے کا قتل - 43 افراد گرفتار

لاہور
اے ایف پی
صوبہ پنجاب کے ضلع قصور کے نواحی علاقہ کوٹ رادھا کشن میں توہین مذہب کے نام پرہلاک کئے جانے والے میاں بیوی کے مقدمہ میں مقامی پولیس نے43افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ گرفتار کئے جانے والوں میں اینٹوں کی بھٹی کا مالک یوسف گجر بھی شامل ہے ۔ اس مقدمہ کے تفتیشی افسر محمد مقبول نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزمین کو مقامی افراد اور مقتولین کے رشتہ داروں کی نشاندہی پرہی گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمین کے خلاف قتل، بلوہ اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ انہیں لاہور کی انسداد ددہشت گردی عدالت میں پیش کیاجائے گا ۔ تفتیشی عہدہداروں کے مطابق عدالت سے ان میں سے بعض ملزمین کو جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی جائے گی جب کہ بعض ملزمین کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیاجائے گا۔ محمدمقبول کے مطابق ملزمین نے مقتول شہزاد مسیح اور اس کی بیوی شمع کو جلانے سے پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں انہیں اس آگ میں پھینک دیا جو کچی اینٹوں کو پکانے کے لئے جلائی گئی تھی ۔ پولیس عہدیداروں کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جس وقت ان دونوں میاں بیوی کو آگ میں پھینکا گیا اس وقت وہ نیم مردہ حالت میں تھے ۔ تفتیشی عہدیداروں کے مطابق اس معاملہ کی بھی چھان بین ہورہی ہے ۔ مقامی پولیس کے مطابق انہیں مقوتلین کی طرف سے قرآن پاک کے نسخے جلانے سے متعلق ابھی تک کوئی شواہد نہیں ملے ، تاہم انہوں نے مقامی آبادی سے کہا ہے کہ اگر ان کے پاس ایسے کوئی شواہد ہیں تو پولیس کواس کے بارے میں آگاہ کیاجائے ۔ پولیس عہدیداروں کا کہنا تھا کہ جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا اس وقت بھٹی کامالک یوسف گجروہاں پر موجود تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میان شہباز شریف نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اسکی جامع تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے ۔ ادھر انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹر نیشنل نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اس شادی شدہ جوڑے کو زندہ جلانے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے ۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ مہلوکین کے بارے میں ایک دن پہلے ہی یہ افواہ پھیلی تھی کہ انہوں نے قرآن کے نسخہ نذر آتش کردیا تھا ۔ جس پر لوگوں کے ہجوم نے انہیں حملہ کر کے قتل کردیا ، حالانکہ اس الزام کی حقیقت اب تک واضح نہیں ۔

Christian couple killed for 'desecrating Quran' in Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں