نواز شریف - خاندان کے ساتھ دورہ چین کے لئے ہدف تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-10

نواز شریف - خاندان کے ساتھ دورہ چین کے لئے ہدف تنقید

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف پارٹی سربراہ عمران خان نے سرکاری غیر ملکی دورہ پر اپنے خاندان کو ساتھ لے جانے کے لئے وزیر اعظم نواز شریف کو ہدف تنقید بنایا ہے ۔ عمران خان نے گزشتہ شب پارلیمنٹ کے روبرو اپنے حامیوں سے خطاب کے دوران نہایت سخت الفاظ میں نواز شریف کی نکتہ چینی کی ۔ نواز شریف ان دنوں دورہ چین پر ہیں اور ان کے بھائی اور چیف منسٹر پنجاب شہباز شریف تمام اہم تقاریب اور سر گرمیوں کے دوران ساتھ ساتھ دیکھے گئے ۔ اس حوالہ سے عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے چیف منسٹر شہباز شریف اپنے بھائی اور وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ ہیں۔ جب کہ وزیر اعظم سرکاری دورہ چین پر ہیں ۔ اگر یہ ممکن ہے تو نواز شریف صوبہ خیبر پختون خوا کے چیف منسٹر ویز کھٹک کو اپنے ہمراہ جانے کے لئے مدعو کیوں نہیں کرتے ۔ شہباز شریف کے حوالہ سے کہاجاتا ہے کہ وہ زخموں پر مرہم رکھنے اور بگڑتے حالات پر کنٹرول کے لئے مشہور ہیں ۔
علاوہ ازیں نواز شریف کے انتہائی قریبی اور قابل اعتماد سیاستداں ہیں۔ حال ہی میں اپوزیشن کی جانب سے نواز شریف حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے احٹجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا اور ایسے سنگین حالات میں انہوں نے فوج کے ساتھ خفیہ ملاقاتوں اور روابط کا سلسلہ جاری رکھا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف ملک کے انتہائی دولتمندوں کی فہرست میں شامل ہیں اور خود اپنی ہی حکومت کے دوران ان کی دولت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ شریف خاندان غیر ممالک میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے دیگر ممالک کے تاجرین کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دے رہا ہے ۔ عمران خان نے پارلیمنٹ کے روبرو دھرنا کے87ویں دن بھی اپنا موقف دہرایا کہ نواز شریف کے استعفیٰ تک یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ عمران خان اپنے حامیوں کے ساتھ وسط اگست سے دھرنا پر بیٹھے ہیں۔ وہ نواز شریف پر سابق انتخابات میں دھاندلی سے کامیابی حاصل کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں ۔

China visit: Imran Khan objects to PM's entourage

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں