بنگلور کے بشمول 11 شہروں کے نام تبدیل - حکومت کرناٹک کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-02

بنگلور کے بشمول 11 شہروں کے نام تبدیل - حکومت کرناٹک کا اعلان

بنگلور
پی ٹی آئی
حکومت کرناٹک نے انگریزوں کے زمانہ میں شہروں کے دئیے گئے ناموں کو تبدیل کرتے ہوئے ریاست بھر میں11شہروں کا نیا نام تجویز کیا ہے ۔ نئے ناموں پر گزٹ اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی عمل در آمد شروع ہوجائے گا۔ اب بنگلور کو بنگالورو ، منگلور کو منگا لورو ، میسور کو میسورو، بیلاری کو بلاری ، بلگام کو بیلا گاوی، ہبلی کو ہبّلی اور تمکو کوتومکورو، بیجا پور کو ویجا پور ، چمگلور کو چمگلورو ، گلبرگہ کو کلبرگی ، ہاسپیٹ کو ہوساپیٹے ، شموگہ کو شیواموگہ کہا جائے گا۔ 9 نویں صدی میں بنگلو ر کو بنگاول اور و کہاجاتا تھا جس کے معنی محافظوں کاشہر ہے۔12ویں صدی میں اسے بینڈاکلورو کہاجانے لگا ۔ بینڈاکایا بھینڈی کو کہاجاتا ہے ۔ وجئے نگرم سلطنت کے ایک باغی کمپے گورڑا نے، بنگلور شہر کی بنیا د ڈالی ۔ یہ 16ویں صدی میں یہاں حکومت کرتا تھا تاہم انگریزوں نے اس کا نام بنگلور رکھ دیا ۔ 2006ء میں جنتادل سیکولر اور بی جے پی کی متحدہ حکومت نے بنگلور کے بشمول12شہروں کے نام تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے بیلگام کا نام تبدیل کئے جانے پر اعتراض کی وجہ سے یہ معاملہ آگے نہ بڑھ سکا ۔ اگرچہ حکومت نے ناموں کو تبدیل کردیا ہے لیکن بنگلور میں موجود آئی ٹی کمپنی نام تبدیل کرنے میں پس و پیش کررہی ہیں۔ بمبئی اور مدراس کا نام تبدیل کرنے کے بعد وہاں کی ہائیکورٹس اور تعلیمی اداروں کے ناموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی ، اسی طرح بنگلور یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کے نام بھی تبدیل نہیں کئے جائیں گے۔1995ء میں بمبئی کو ممبئی اور1996ء میں مدراس کو چینائی2001ء میں کلکتہ کو کولکاتہ بنایا گیا تھا جب کہ 1991ء میں تریونڈرم کا نام تبدیل کر کے تھیروواننتا پورم رکھا گیا تھا ۔ بنگلور بھی ان شہرو ں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے ۔

Bangalore Becomes Bengaluru, 11 Other Cities Renamed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں