شیو سینا اور بی جے پی میں کشیدگی عروج پر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-10

شیو سینا اور بی جے پی میں کشیدگی عروج پر

نئی دہلی
پی ٹی آئی
شیو سینا اور بی جے پی کے درمیان کشیدگی آج اس وقت عروج پر پہنچ گئی جب سینا کے رکن پارلیمنٹ انیل دیسائی مرکزی وزیر کی حیثیت سے حلف لینے میں ناکام ہوگئے ۔ اس کے بر خلاف سابق شیو سینک سریش پربھو نے حلف برداری کی تقریب سے عین قبل بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی اور وزیر کی حیثیت سے حلف لیا ۔ شیو سینا کے پلیٹ فارم سے تقریباً دیڑھ دہائی تک سیاسی سفر طے کرنے والے سریش پربھو مرکزی وزیر کے عہدہ کا حلف لینے سے پہلے آج صبح وفاداری بدل کر بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوگئے ۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پربھو نے آج صبح بی جے پی کی رکنیت حاصل کی ۔ پربھو اس سے پہلے اٹل بہاری واجپائی حکومت میں وزیر توانائی رہ چکے ہیں۔ اس وقت وہ پارلیمنٹ کے کسی بھی ایوان کی رکن نہیں ہیں ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شرو ع سے ہی پربھو کو کابینہ میں شامل کرنے کے خواہاں تھے ۔ شیو سینا کے ساتھ جاری بات چیت میں بی جے پی قیادت نے گزارش کی تھی کہ شیو سینا پربھو اور ایک دیگر کا نام مرکزی کابینہ ے رکن کے طور پر پیش کرے لیکن مہاراشٹر کی حکومت میں ساجھیداری کے سلسلے میں رنجش دور نہ ہوپانے اور مودی کی جانب سے شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کی خواہش کے خلاف پربھو کو وزیر بنانے کے ارادے نے شیو سینا کو ناراض کردیا ۔ اس طرح معاملہ حل ہوتے نہ دیکھ کر پربھو کو صبح بی جے پی میں شامل کر کے حل دلا یا گیا ۔
اس واقعہ کے بعد بی جے پی اور شیو سینا کے درمیان جاری خلش اور گہری ہوگئی ۔ مہاراشٹرا میں بی جے پی اور شیو سینا کے درمیان مسائل کی عدم یکسوئی کے سبب سینا کے رکن پارلیمنٹ انیل دیسائی آج حلف نہیں لے سکے اور بتایاجاتا ہے کہ آج صبح نئی دہلی آمد کے بعد وہ ایر پورٹ سے ہی ممبئی واپس ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق تقریب حلف برداری میں بر وقت موجودگی کے لئے وہ بہ عجلت نئی دہلی پہنچے لیکن ایر پورٹ سے ہی واپس ہوگئے ۔ سمجھاجاتا ہے کہ مہاراشٹرا میں وزارت کے سینا کے مطالبہ کی بی جے پی کی جانب سے تکمیل میں ناکامی کا یہ شاخسانہ تھا۔ سینا کے ذرائع نے بتایا کہ ادوھو ٹھاکرے نے ممبئی میں اہم پارٹی قائدین کا ایک اجلاس طلب کیا ہے جس میں مہاراشٹرا میں اپوزیشن کا رول ادا کرنے کا فیصلہ کیاجاسکتا ہے اور وہ نریندر مودی کابینہ میں پارٹی کے واحد نمائندہ اننت گیتے کو استعفیٰ کی ہدایت دے سکتے ہیں ۔ گیتے نے کل رات وزیر اعظم سے ملاقات کی ناکام کوشش کی جس کے بعد پارٹی قیادت نے انہیں ممبئی واپس ہونے کی ہدایت دی ۔ گیتے نے کل کہا تھا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کابینی توسیع میں شیو سینا کے کسی رکن کا اضافہ کیاجائے گا لیکن آج صبح واضح اشارے ملے کہ دیسائی حلف لیں گے جس کے بعد وہ بہ عجلت ممبئی سے روانہ ہوگئے ۔

Tensions between Shiv Sena and BJP sour mood during Cabinet expansion

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں