اورنگ آباد اسلحہ ضبطی کیس - ہائی کورٹ حکم کے مطابق مقدمہ کی سماعت کی میعاد مکمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-13

اورنگ آباد اسلحہ ضبطی کیس - ہائی کورٹ حکم کے مطابق مقدمہ کی سماعت کی میعاد مکمل

ممبئی
یو این آئی
اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملے میں گرفتار22مسلم ملزمین کے مقدمہ کہ بقیہ سماعت کو تین ماہ میں مکمل کرلئے جانے کا بامبے ہائی کورٹ میں وعدہ کرنے والی ریاستی انسداد دہشت گرد تنظیم( اے ٹی ایس) کی میعاد بھی آج مکمل ہوگئی مگر اب تک صرف35میں سے12ہی سرکاری گواہوں کے بیانات کا اندراج ممکن ہوپایا ہے جس سے ملزمین اور ان کے اہل خانہ میں بے چینی بڑھ گئی ہے ۔ یہ باتیں آج یہاں ان ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹرا(ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے کہی۔ گلزار اعظمی نے کہا کہ بارہ اگست کو اسی معاملے کا سامنا کرنے والے ملزم ڈاکٹر محمد شریف شبیر احمد کی جانب سے دائر کردہ ضمانت عرضداشت کی مخالفت کرتے ہوئے سرکاری وکیل وبھئے بگاڑے نے عدالت کو یقین دہائی کرائی تھی کہ وہ ملزم کو ضمانت پر رہا نہ کرے کیوں کہ استغاثہ اگلے تین ماہ میں مقدمہ کی سماعت مکمل کرلے گی ۔ جس کے بعد دفاعی وکلاء ضمانت عرضداشت کو اس شرط پر واپس لے لیا تھا کہ تین ماہ میں مقدمہ کی سماعت مکمل کرلینے کا استغاثہ نے وعدہ کیا تھا لیکن آج تین ماہ مکمل ہوجانے کے بعد بھی استغاثہ اب تک عدالت میں صرف بارہ ہی سرکاری گواہوں کو پیش کرسکا ہے ۔ جس کی وجہ سے ملزمین شدید بے چینی کا شکار ہیں اور ان کا ارادہ ہے کہ وہ ایک بار پھر بامبے ہائی کورٹ سے رجوع ہوں اور استغاثہ کی وعدہ خلافی کی شکایت کریں ۔ گلزار اعظمی نے مزید کہا کہ استغاثہ کی وعدہ خلافی کے تعلق سے دفاعی وکلاء سے صلاح و مشورہ کررہے ہیں کہ وہ اس تعلق سے کیا لائحہ عمل تیار کرسکتے ہیں ۔ جس سے ملزمین کو راحت ملے اور تقریباً ساڑھے آٹھ برسوں سے جیل کی صعوبتیں برداشت کرنے والے مسلم نوجوانوں کے مقدمات فیصل ہوسکیں اور انہیں رہائی نصیب ہوسکے ،۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا میں ہوئے ایک دہشت گردانہ واقعہ اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملے میں گزشتہ ساڑھے آٹھ برسوں سے22مسلم نوجوان مقدمہ کا سامنا کررہے ہیں۔ جس میں بیشتر کا تعلق مراٹھواڑہ کے مختلف اضلاع اور پاور لوم شہر مالیگاؤں سے ہے ۔

Aurangabad arms haul case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں