میڈیا کی جانبدارانہ رپورٹنگ کے خلاف اے ایم یو طلبہ و طالبات کا مشترکہ احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-13

میڈیا کی جانبدارانہ رپورٹنگ کے خلاف اے ایم یو طلبہ و طالبات کا مشترکہ احتجاج

علی گڑھ
پی ٹی آئی
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) ویمنس کالج طلباء یونین سے وابستہ طالبات اور اے ایم یو اسٹوڈنٹس یونین کے طلباء نے آج یونیورسٹی کی مرکزی مولانا آزاد لائبریری میں طالبات کی رسائی کے مسئلہ پر ’’میڈیا کی مبینہ جانبدارانہ رپورٹنگ‘‘ کے خلاف آج یہاں مشترکہ احتجاج منظم کیا ۔ زائد از دو ہزار طالبات نے جلوس نکالا جو یہاں سرسید کراسنگ پر ختم ہوا ۔ طالبات یونین کی نو منتخبہ صدر گل فضا خان نے احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’مولانا آزاد لائبریری تک رسائی کے لئے ہمارے مطالبات کو میڈیا نے جس طرح توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے اس پر ہم شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں۔ میڈیا نے یہ اطلاع انتہائی جانبدارانہ انداز میں پیش کی ہے ۔‘‘ گل فضا خان نے کہا کہ میڈیا میں موجودبعض گمراہ افراد ہمارے مطالبات کو حد درجہ توڑ مروڑ پر پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ یہ بہت تکلیف دہ بات ہے ۔ بعد میں احتجاجیوں نے ایک موقر انگریزی روزنامہ کا علامتی پتلا نذ ر آتش کیااور الزام لگایا کہ یہ اخبار معاندانہ خبریں پھیلا رہا ہے ۔ اس جلوس کے بعد ایساہی ایک علیحدہ احتجاج منظم کیا گیا جس کی قیادت نومنتخبہ طلبا یونین کے عہدیداروں نے کی ۔ طلبا اور طالبات کے جاری کردہ ایک مشترکہ صحافتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’اے ایم یو، بحالت موجودہ پہلے ہی تمام انڈر گریجویٹ پوسٹ گریجویٹ اور ریسرچ طالبات کو بلا روک ٹوک رسائی فراہم کرتی ہے ۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزارت فروغ انسانی وسائل، ویمنس کالج لائبریری کے لئے زائد فنڈس فراہم کرے ۔‘‘ وائس چانسلر ضمیر الدین شاہ کے نام وزارت کی جاری کردہ نوٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’اگر وزیر فروغ انسانی وسائل کو اے ایم یو کی طالبات کے بارے میں ایسی ہی فکر ہے تو وہ (وزیر) ویمنس کالج لائبریری کا درجہ بڑھانے فنڈس فوری منظور کرے ۔‘‘

Aligarh Muslim University students slam media for 'biased' reports on library row

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں