اے ایم یو امور میں مداخلت بیجا پر مسلم دانشوروں کا اعتراض - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-14

اے ایم یو امور میں مداخلت بیجا پر مسلم دانشوروں کا اعتراض

علی گڑھ
پی ٹی آئی
مسلم دانشوروں کے ایک ادارہ ملت بیداری مہم کمیٹی( ایم بی ایم سی) نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) مین لائبریری میں انڈر گریجویٹ طالبات کی رسائی پر تنازعہ کے سلسلہ میں یونیورسٹی امور میں ایک گوشہ سے’’مداخلت بے جا‘‘ پر شدید اعتراض کیا ہے ۔ کمیٹی نے اے ایم یو کی سنٹرل لائبریری میں انڈر گریجویٹ طالبات کی رسائی کے مسئلہ پر یونیورسٹی کو مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل کی بھیجی گئی نوٹس پر ایک قرارداد منظور کی جس میں حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی جیسے ممتاز قومی اداروں کی خود مختاری کا احترام کرے ۔ کمیٹی کے معتمد جاسم محمد نے اخبار نویسوں سے کہا کہ یہ بڑی عجیب و غریب بات ہے کہ ایک اخباری اطلاع کی بنیادپر وزارت فروغ انسانی وسائل کو، وائس چانسلر اے ایم یو کے نام نوٹس بھیجنے کی بڑی جلدی تھی جبکہ اخباری اطلاع بالکل غلط تھی حتی کہ اس تعلق سے (اخبار نے) حقائق دریافت کرنے کی بھی زحمت نہیں کی ۔ جاسم محمد نے کہا کہ یہ اطلاع کہ وائس چانسلر نے ایک فرمان جاری کرتے ہوئے اے ایم یو کی مولانا آزاد لائبریری میں طالبات کے داخلہ پر امتناع عائد کردیا ہے، سراسر جھوٹ تھی ۔’’ ہر روز سینکڑوں طالبات اس لائبریری کو آتی ہیں اور کوئی بھی شخص اس لائبریری سے استفادہ کرسکتا ہے ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ انڈر گریجویٹ طالبات اور وہ بھی جو نان پروفیشنل کورسس میں زیر تعلیم ہیں، وہ اس لائبریری کارڈ کے لئے اہل نہیں ہیں ۔ اس دفعہ پر زائد از دیڑھ سو سال سے عمل جاری ہے جب کہ یہ لائبریری قائم ہوئی تھی ۔ انہوں نے پوچھا کہ’’راتوں رات یہ مسئلہ‘‘ مسلم خواتین کے حقوق کے لئے خطرہ کیسے بن گیا ۔‘‘

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں