وشاکھا پٹنم کا اسمارٹ سٹی کے طور پر فروغ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-02

وشاکھا پٹنم کا اسمارٹ سٹی کے طور پر فروغ

واشنگٹن
پی ٹی آئی
ہندوستان کے100اسمارٹ سٹیز پروگرام کو آج اس وقت ایک نئی طاقت ملی جب امریکہ نے ملک کے3شہروں کو اسمارٹ سٹیز کے طور پر فروغ دینے کے لئے تعاون کا وعدہ کیا ۔ اس کے علاوہ ملک کے دیگر500شہروں میں صاف پینے کے پانی کی سربراہی اور سیوریج سہولتوں کی فراہمی کے لئے سیول سوسائٹی اور حکام کے ساتھ مل کر کام کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ہندوستان کے جن 3شہروں کو امریکہ نے اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کا وعدہ کیا ہے ان میں الہ آباد ، اجمیر اور وشاکھاپٹنم شامل ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر بارک اوباما کے درمیان کل ایک ملاقات کے بعد یہ اعلان کیا گیا ۔ واضح ہو کہ حکومت ہند، ملک کے100 شہروں کو اسمارٹ سٹیز کے طور پر فروغ دینے کا منصوبہ رکھتی ہے اور اس مد میں مرکزی بجٹ میں7060کروڑ روپے بھی مختص کئے گئے۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم 100شہروں کو اسمارٹ سٹیز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ یہ شہر بڑے شہروں کے سٹیلائٹ ٹاؤنس کے خطوط پر ہوں گے جب کہ متوسط شہروں کو عصری سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ اسمارٹ سٹیز میں تبدیل کیاجائے گا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کل اپنا5روزہ دورہ امریکہ مکمل کرلیا ۔ انہوں نے امریکہ کا شکریہ ادا کیا اور اپنے دورہ کو انتہائی کامیاب اور اطمینان بخش قرار دیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں