سیاسی شراکت داری کے بغیر مسلمانوں کی ترقی ممکن نہیں - اسد الدین اویسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-02

سیاسی شراکت داری کے بغیر مسلمانوں کی ترقی ممکن نہیں - اسد الدین اویسی

پربھنی
اعتماد نیوز
صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین ورکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا کہ سیاسی شراکت داری کے بغیر مسلمانوں کی ترقی ممکن نہیں ۔ حلقہ اسمبلی پربھنی میں مجلس کے امیدوار کے حق میں انتخابی مہم آغاز کرتے ہوئے بیرسٹر اویسی نے کہا کہ مہاراشٹرا کے اقلیتوں اور دلتوں کو ایک سنہری موقع میسر ہوا ہے کہ وہ اپنی سیاسی طاقت کا ثبوت دیں ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں سیاسی طور پر بااختیار بن کر ہی مسائل کو حل کیاجاسکتا ہے ۔ بیرسٹر اویسی نے اس حلقہ سے مجلس کے امیدوار سید خالد عرف سجو لالہ(ڈپٹی میئر بلدیہ پربھنی) کا عوام سے تعارف کروایا ۔ انہوں نے حلقہ کے مدینہ پاٹی، حارروڈ، درگاہ روڈ ، معصوم کالونی، صوبیدار نگر ، عائشہ کالونی ، کڑوی منڈی ، گاڑی وان ، گاندھی پارک،کالا باورک ، شاہی مسجد اور اس سے متصل علاقوں کا دورہ کیا۔ بیرسٹر اویسی صبح میں اورنگ آباد سے یہاں پہنچے ۔ ان کے استقبال کے لئے پربھنی سے سینکڑوں نوجوان شہر کے باب الداخلہ پر ان کے منتظر تھے ۔اپنی آمد کے بعد صدر مجلس نے پارٹی کے مقامی عہدیداران ، کنوینرس ، انتخابی مہم سے وابستہ قائدین اور کارکنوں کے ساتھ مشاورت کی اور انتخابی مہم کے لئے روانہ ہوئے۔ صدر مجلس کے ساتھ ایک جم غفیر چل رہا تھا جس کی وجہ سے پربھنی شہر کی ٹریفک درہم برہم ہوگئی ۔

بیرسٹر اویسی نے بزرگوں اور خواتین سے خاص کر اپیل کی کہ ایک ، ایک ووٹ کا استعمال کریں اور نوجوانوں کو ایک نئے انقلاب کی ترغیب دیں۔ اپنی انتخابی مہم میں نوجوانوں کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم اور طبقہ کا نوجوان ہی اثاثہ ہوتے ہیں ۔ نوجوانوں سے کہا کہ مہاراشٹرا میں ایک نئے انقلاب کے نقیب بنیں ۔ بیرستر اویسی نے شہر پربھنی کی پسماندگی اور بنیادی سہولتوں کی کمی کی نشاندہی کی اور کہا کہ چونکہ یہاں مسلمانوں کی غالب آبادی ہے اس لئے اس کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ بیروزگار کو روزگار کی فراہمی، علاج کی بہتر سہولتیں، تعلیمی ادارے ، یہ ایسے کام ہیں جس کے لئے مجلس اتحاد المسلمین کوشاں ہیں۔ پربھنی میں مجلس کا مقابلے کانگریس سے حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہوئے بی جے پی امیدوار آنند بھروسے اور بلدیہ پربھنی کے میئر و راشٹروادی کانگریس پارٹی کے امیدوار پرتاب دیشمکھ سے ہے ۔ کانگریس نے عرفان الرحمن کو امیدوار بنایا ہے جب کہ شیو سینا اور دیگر جماعتوں کی جانب سے بھی امیدوار قسمت آزمائی کررہے ہیں ۔ بیرسٹر اویسی نے آج دن بھر مجلس کے لئے زوردار مہم چلائی اور شام یہاں سے روانہ ہوگئے ۔نظام آباد میونسپل کارپوریشن( تلنگانہ) کے ڈپٹی میئر ایم اے فہیم کے علاوہ حیدرآبار سے مجلس کے کئی قائدین وکارپوریٹرس بیرسٹر اویسی کے ہمراہ انتخابی مہم میں شامل تھے ۔ تلنگانہ اسمبلی میں مجلس کے رکن و معتمد عمومی جناب سید احمد پاشاہ قادری کو حلقہ اسمبلی پربھنی کے لئے پارٹی مبصر بنایا گیا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں