موبائل مغربی تہذیب ناشائستہ لباس عصمت ریزی کی وجوہات - اترپردیش پولیس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-31

موبائل مغربی تہذیب ناشائستہ لباس عصمت ریزی کی وجوہات - اترپردیش پولیس

لکھنو
پی ٹی آئی
عصمت ریزی کرنے والوں کے بارے میں سماج وادی پارٹی لیڈر ملائم سنگھ یادو کے اس ریمارک کے بعد کہ لڑکے تو لڑکے ہیں، اتر پردیش پولیس نے موبائل فونس ، مغربی تہذیب اور خواتین کے ناشائستہ لباس کو عصمت ریزی کی وجوہات قرار دیا ۔ قانون حق معلومات سے متعلق ایک سوال کا عجیب جواب دیتے ہوئے بعض پولیس اسٹیشنس نے موبائل فون، انٹر نیٹ کلچر ، مغربی اثرات اور خواتین کے ناشائستہ پہناوے کو عصمت ریزی کے کیسوں میں اضافہ کی بعض وجوہات قرار دیا ہے ۔ آر ٹی آئی کارکن لوکیش کھرانہ سے اس بارے میں بات چیت کے لئے ربط پیدا نہیں کیاجاسکے۔ لیکن اطلاعات میں کہا گیا کہ فیروزآباد کے ایک پولیس اسٹیشن میں عصمت ریزی کے واقعات کے لئے تفریح کے نہ ہونے کو ایک وجہ بتایا ہے ۔ دوسرے اضلاع میں مقامی پولیس نے خواتین اور لڑکیوں کے پہناوے کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ اس سے مردان کی طرف راغب ہوتے ہیں ۔ ایٹاوہ کے ایک پولیس اسٹیشن میں پولیس ملازمین نے لڑکوں اور لڑکیوں کے درمیان حد سے زیادہ رابطہ کو ایک وجہ بتایا ہے ۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس لاء اینڈ آرڈر اے ستیش گنیش نے آج صحافیوں کو بتایا کہ پولیس ہیڈ کوارٹرس پر آر ٹی آئی کے ایک سوال کے جواب میں بعض پولیس اسٹیشنس کی جانب سے جاری کردہ ایسی رپورٹ کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشنس کی جانب سے آر ٹی آئی جوابات کے بارے میں زونل سربراہان سے ایک رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ گنیش نے کہا کہ طریقہ کار کے مطابق آر ٹی آئی کے تحت معلومات طلب کرنے سے متعلق تمام درخواستیں متعلقہ زونل آئی جی تک پہونچائی جاتی ہیں۔ اس کے بعد متعلقہ پولیس اسٹیشنس درخواست گزار کر راست معلومات دیتے ہیں ۔ آئی جی نے کہا کہ اگست کے مہینہ میں کھرانہ نے درخواست داخل کی اور پولیس ہیڈ کوارٹرس کے آر ٹی آئی سل سے عصمت ریزی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام اور ایسے واقعات کے پس پردہ امکانی وجوہات کے بارے میں دس نکات پر جواب طلب کیا گیا تھا۔ گنیش نے بتایا کہ ریاست میں1435پولیس اسٹیشنس ہیں اور انہوں نے کیا معلومات دی ہیں وہ ہمارے ریاست کوارٹرس میں فوری طور پر دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض پولیس اسٹیشنس کی جانب سے متنازعہ معلومات کی فراہمی سے متعلق اطلاعات ہیں۔ انہیں سنجیدگی سے لیاجارہا ہے اور تمام زونل آئی جیز سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام پولیس اسٹیشنس سے رپورٹس طلب کریں اور پیش کریں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں