ہدہد طوفان سے متاثرہ عوام میں اعتماد بحال کرنے مشعل ریالی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-24

ہدہد طوفان سے متاثرہ عوام میں اعتماد بحال کرنے مشعل ریالی

حیدرآباد
یو این آئی
ہد ہد طوفان سے متاثر وشاکھا پٹنم کے عوام نے ایک دوسرے میں اعتماد کی فضا، بحال کرنے اور طوفان کی خطرناک تباہی کے خلاف ایک مرتبہ پھر اٹھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ ساحلی وشاکھا پٹنم کے آر کے بیچ پر کل رات اس پیام کے ساتھ مشعل ریالی نکالی گئی ۔ اس ریالی کا مقصد عوام میں اس طرح کے واقعات کے بعد خود اعتمادی کی فضا بحال کرنا اور ایک دوسرے کی مدد اور تعاون کے جذبہ کو ابھارنا ہے ۔ اس ریالی میں آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو سرکردہ شخصیتوں اور تلگو فلم انڈسٹری سے وابستہ اداکاروں نے بھی شرکت کی ۔ یہ ریالی چھ ہزار مشعلوں کے ساتھ نکالی گئی ۔ اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کے اعادہ نہ ہونے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے نقصان کے بعد بھی ہم اسی عزم کے ساتھ دیپاولی منائیں گے لیکن پٹاخے نہیں چلائیں گے ۔ مرکزی وزیر شہری ترقی وینکیا نائیڈو نے عوام کے صبرو وتحمل اور مضبوط ارادہ والی سوچ کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ وشاکھا پٹنم کے عوام کے اس مضبوط ارادے اور جذبہ کو دیکھ کر دیگر علاقوں کے عوام میں بھی ہمت پیدا ہوگی ۔ ایم وینکیا نائیڈو نے اعلان کیا کہ وہ اور ان کے ارکان خاندان آندھر پردیش کے طوفان سے متاثرہ ایک گاؤں چیلالا پاڈو میں تعمیر نو کی سرگرمیاں انجام دیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے پہلے ہی تعمیر نو کے کاموں کے لئے رقم خرچ کی ہے ۔ یہ گاؤں ہدہد طوفان سے شدید طور پر متاثر ہونے والے مواضعات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایم پی لوکل ایریا ڈیولپمنٹ فنڈ سے اس گاؤں کے لئے25لاکھ روپے مہیا کری گے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پہلے ہی وشاکھا پٹنم میں حالات کو معمول کے مطابق لانے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات شروع کردئیے ہیں ۔ مرکزی حکومت اس طوفان کے نقصانات کے تخمینہ کا انتظار کررہی ہے اور اس تخمینہ رپورٹ حاصل ہونے کے بعد متاثرہ مقامات پر راحت کے کاموں میں مزید تیزی پیدا کی جائے گی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں